ہومInternationalغریب ممالک کے لیے غربت اور بیماری ہی اصل چیلنج ہیں

غریب ممالک کے لیے غربت اور بیماری ہی اصل چیلنج ہیں

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

موسمیاتی تبدیلی انسانی تہذیب کا خاتمہ نہیں کرے گی: بل گیٹس

واشنگٹنج، 29 اکتوبر (یو این آئی) ’بریک تھرو انرجی‘ نامی تنظیم کے ذریعے ماحول دوست ٹیکنالوجیز کی مالی معاونت کرنے والے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے تسلیم کیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین نتائج ہوں گے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں زمین کے زیادہ تر حصوں میں لوگ زندہ رہنے اور ترقی کرنے کے قابل رہیں گے۔ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے بعض ماحولیاتی کارکن ان سے اختلاف کریں گے اور ان پر منافقت کا الزام لگائیں گے، کیونکہ ان کا کاربن فٹ پرنٹ بہت زیادہ ہے، لیکن انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اپنے تمام اخراج کو ’جائز‘ کاربن کریڈٹس کے ذریعے پورا کرتے ہیں۔بل گیٹس نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے ’3 مشکل حقائق‘ بیان کیے، ان کے مطابق پہلی حقیقت یہ ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی انسانی تہذیب کا خاتمہ نہیں کرے گی، دوسری یہ کہ درجہ حرارت ترقی کی پیمائش کے لیے بہترین پیمانہ نہیں ہے، اور تیسری یہ کہ صحت اور خوشحالی ایک گرم ہوتے ہوئے کرۂ ارض کے خلاف سب سے مضبوط دفاع ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ دنیا پیرس معاہدے کے اس ہدف سے خطرناک حد تک پیچھے جا رہی ہے، جس کے مطابق عالمی درجہ حرارت میں طویل المدتی اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنا تھا، تاہم ہمیں اس مخصوص عدد پر حد سے زیادہ توجہ دینے کے بجائے اس پیش رفت کو تسلیم کرنا چاہیے جو دنیا نے کاربن اخراج میں کمی کے سلسلے میں حاصل کی ہے۔بل گیٹس کے مطابق دنیا کے بیشتر غریب ممالک کے لیے غربت اور بیماری ہی اصل چیلنج ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی ترجیح انسانی تکالیف میں کمی ہونی چاہیے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو دنیا کے غریب ترین علاقوں میں انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ان کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں بہت زیادہ گرم یا سرد دنوں کی تعداد محدود کرنے پر کم توجہ دینی چاہیے، اور اس بات پر زیادہ زور دینا چاہیے کہ کم لوگ غربت اور ناقص صحت کا شکار ہوں تاکہ شدید موسمی حالات ان کے لیے کم خطرناک ثابت ہوں۔مائیکروسافٹ کے بانی نے آئندہ حکمتِ عملی کے طور پر زور دیا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ’گرین پریمیم‘، یعنی صاف اور آلودہ ذرائع مثلاً صنعتی مواد بشمول سیمنٹ، اسٹیل اور ہوائی جہاز کے ایندھن کے درمیان لاگت کے فرق کو ختم کیا جائے۔بل گیٹس نے اس پیغام کا موازنہ اُس مضمون سے کیا جو انہوں نے 30 سال قبل مائیکروسافٹ میں تحریر کیا تھا، جس میں کمپنی کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ انٹرنیٹ کو اپنی تمام سرگرمیوں کا بنیادی مرکز بنائے، اسی طرح، انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پر کام کرنے والی عالمی برادری کو بھی ’سی او پی 30‘ اور اس کے بعد ایک ’تذویراتی رخ کی تبدیلی‘ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version