ہومInternationalکردستان ریجن کا تیل یورپ میں اچھی اور مناسب قیمت پر فروخت...

کردستان ریجن کا تیل یورپ میں اچھی اور مناسب قیمت پر فروخت کیا جائے گا: عراقی اہلکار

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

بغداد، 30 ستمبر (یو این آئی)عراق کی آئل مارکیٹنگ کمپنی (سومو) کے ڈائریکٹر جنرل علی نزار الشطری نے بتایا ہے کہ روسی تیل کی کمی کی وجہ سے، عراقی کردستان سے نکالا جانے والا تیل یورپی منڈی میں بہتر اور منصفانہ قیمتوں پر فروخت ہو گا۔ الشطری نے پیر کی شب ‘التغيير، سیٹلائٹ چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ یہ تیل ترکی کی جیہان بندرگاہ کے ذریعے برآمد کیا جائے گا اور یورپی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ امریکی مارکیٹ بھی اہم ہدف ہو گی۔الشطری نے بتایا کہ مستقبل میں وفاقی وزارتِ تیل اور کردستان میں کام کرنے والی کمپنیوں کے درمیان تعلقات بہتر کیے جا سکتے ہیں۔ اس وقت ان کا رابطہ حکومتِ کردستان کی وزارتِ قدرتی وسائل سے ہے جو حالیہ تین فریقی معاہدے کے مطابق کمپنیوں کی پیداواری لاگت ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کے مذاکرات میں شمولیت نے کردستان کے تیل کے مسئلے کو حل کرنے اور معاہدے کے حصول میں مدد دی اور یہ معاہدہ قانون سازی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔الشطری نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر قائم ہے۔ اس میں پیداواری اور نقل و حمل کے اخراجات کی شرح 16 ڈالر فی بیرل مقرر کی گئی ہے، جو عالمی مشاورتی ادارے کی سفارشات کے مطابق اوپر یا نیچے کی جا سکتی ہے … اور معاہدے کی تجدید خود کار طور پر ہوتی رہے گی۔الشطری کے مطابق اب بصرہ کے میدانوں سے تیل کو “عراقی – ترکی” پائپ لائن کے ذریعے یورپی اور امریکی منڈیوں تک پہنچانے کا موقع موجود ہے۔ ساتھ ہی عراق، شام کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے تاکہ “عراقی – شامی” پائپ لائن کو بحال کیا جا سکے۔ اس کے ذریعے تیل بانیاس یا لبنان کی طرابلس بندرگاہ تک بھی بھیجا جا سکے گا تاکہ برآمدی راستوں میں لچک پیدا کی جا سکے اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔الشطری نے یہ بھی بتایا کہ اوپیک نے عراق کی خام تیل کی پیداوار کی دوبارہ جائزہ کاری کے لیے منصفانہ طریقہ کار اپنایا ہے، جس میں ماہرین عراق اور دیگر رکن ممالک کا دورہ کریں گے۔ ان کا یقین ہے کہ عراق کی پیداوار عالمی منڈی کی ضرورت کے مطابق بڑھائی جائے گی۔واضح رہے کہ کردستان میں غیر ملکی تیل کمپنیوں نے گزشتہ ہفتے بروز ہفتہ جیہان بندرگاہ کے لیے خام تیل کی ترسیل دوبارہ شروع کی۔ یہ کئی سالوں کے بعد پہلی بار ہو رہا ہے تا کہ اسے عالمی مارکیٹ میں “سومو” مارکیٹنگ کمپنی کے ذریعے فروخت کے لیے تیار کیا جا سکے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version