ہومInternationalخان یونس اور غزہ کے مشرقی علاقوں پر اسرائیل کے حملے تیز

خان یونس اور غزہ کے مشرقی علاقوں پر اسرائیل کے حملے تیز

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

فوج نے الشعف، النزاز اور بغداد کی سڑکوں میں تقریباً 300 میٹر تک مزید علاقہ اپنے کنٹرول میں شامل کر لیا

غزہ،22نومبر(ہ س)۔اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرقی حصے پر توپ خانے سے گولہ باری دوبارہ شروع کر دی۔ اسی طرح غزہ شہر کے مشرقی علاقوں پر بھی شدید فضائی حملے کیے گئے، یہ بات العربیہ/الحدث کے نمائندے نے بتائی۔اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں الشجاعیہ اور الزیتون کے علاقوں کے متعدد مقامات پر سخت فوجی گھیرا بندی بھی نافذ کر دی ہے۔ یہ کارروائیاں اْس جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں ہیں جس کا آغاز گذشتہ ماہ 10 اکتوبر کو ہوا تھا۔ ان حملوں سے قبل جمعے کی شب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے رفح میں حماس تنظیم کے اْن مسلح افراد کے خلاف کارروائی کی ہے جو سرنگوں میں چھپے ہوئے تھے۔ فوج نے چھ افراد کو ہلاک اور پانچ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔یہ خلاف ورزیاں اْس تناظر میں بھی سامنے آئیں جب اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے پھر سے واضح کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں حماس تنظیم کے اسلحے کے باقی رہنے کی اجازت نہیں دیں گے، خواہ یہ ذمے داری بین الاقوامی استحکام فورس کو دی جائے یا نہیں۔اسرائیل اس وقت غزہ کی پٹی کے جنوب اور غزہ شہر کے مشرق میں ان سرنگوں میں پھنسے حماس تنظیم کے جنگجوؤں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے دباؤ بڑھا رہا ہے۔ اس کا اندازہ ہے کہ محاصرے کے باعث ان میں سے درجنوں جنگجو پہلے ہی مارے جا چکے ہیں۔ اس مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنا چاہتا ہے۔حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں اپنی موجودگی بھی بڑھا دی ہے اور یلو لائن (Yellow Line) کے اْس نشان سے آگے تک پیش قدمی کی ہے جس تک وہ معاہدے کے بعد پیچھے ہٹی تھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق فوج نے الشعف، النزاز اور بغداد کی سڑکوں میں تقریباً 300 میٹر تک مزید علاقہ اپنے کنٹرول میں شامل کر لیا ہے اور یلو لائن کے نشانات کی جگہ بھی تبدیل کر دی ہے۔یاد رہے کہ حماس تنظیم کے درجنوں جنگجو اب بھی رفح اور دیگر علاقوں میں یلو لائن کے اندر موجود زیرِ زمین سرنگوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تاہم اسرائیل نے اب تک ان کے محفوظ انخلا سے متعلق کسی بھی تجویز کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے جمعہ کو اعلان کیا کہ رفح شہر کے اسرائیلی کنٹرول والے حصے میں فضائی حملوں میں پانچ مسلح افراد مارے گئے ہیں۔ اس نے کہا کہ یہ افراد زیر زمین دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے سے باہر نکلے تھے۔ اسرائیلی افواج نے مزید کہا کہ 15 مسلح افراد کا ایک گروپ علاقے میں موجود اسرائیلی افواج کے قریب آیا اور یہ ان کے لیے براہ راست خطرہ تھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ واقعہ “ییلو لائن ” سے باہر پیش آیا۔ یہ وہ خط ہے جو اس علاقے کی نشاندہی کرتا ہے جہاں اسرائیلی افواج گزشتہ ماہ (اکتوبر 2025) کی دسویں تاریخ کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد پیچھے ہٹ گئی تھیں۔ اس دوران اقوام متحدہ نے گذشتہ شام اسرائیلی فضائی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا جن کے نتیجے میں عام شہری جاں بحق اور دیگر زخمی ہوگئے۔ ان اسرائیلی حملوں نے تباہ حال اور محصور پٹی کے رہائشیوں میں جنگ کی واپسی کے خدشات پیدا کردیے ہیں۔ یہ جنگ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی جانب سے اسرائیلی بستیوں اور فوجی اڈوں پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔واضح رہے حماس کے درجنوں جنگجو اب بھی رفح اور ییلو لائن کے اندر دیگر علاقوں میں زیر زمین سرنگوں میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم اسرائیل نے فی الحال ان کے نکلنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version