ہومInternationalغزہ میں اسرائیلی بمباری

غزہ میں اسرائیلی بمباری

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

13 بھوکے پیاسے فلسطینیوں سمیت 25 فلسطینی جاں بحق

غزہ،26جولائی(ہ س)۔غزہ پر ہفتے کی صبح سے جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں 25 فلسطینی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی “وفا” کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 13 افراد وہ تھے جو غذائی امداد کے منتظر تھے۔خبر کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کے تل الہوا محلے پر بمباری کی، جس میں تین افراد جان سے گئیاور کئی شدید زخمی ہو گئے۔ ادھر فلسطینی ایجنسی “صفا” نے خان یونس میں تین مختلف اسرائیلی حملوں میں تین افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے، جبکہ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی اور جنوبی غزہ میں چھ مزید افراد جاں بحق ہوئے۔وسطی غزہ کے البریج کیمپ میں ایک مکان پر اسرائیلی گولہ باری سے ایک شخص مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتالِ العودۃ منتقل کیا گیا۔فلسطینی طبی عملے نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے زکیب اور مغربی رفح کے الشاکوش علاقوں میں اس وقت فائرنگ کی جب سیکڑوں شہری آٹے سے بھرے امدادی ٹرکوں کا انتظار کر رہے تھے۔ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں اپنی زمینی اور فضائی کارروائیوں کو مزید تیز کرتے ہوئے شدید بمباری کی۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے سیاسی قیادت کے سامنے ایک نئی فوجی حکمتِ عملی پیش کی ہے جس کا مقصد “غزہ کو مزید تقسیم کرنا” اور “حماس کو تھکانا” ہے۔ یہ انکشاف اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے “کان” کی رپورٹ میں سامنے آیا، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ قیدیوں کے تبادلے کے تعطل کے پیش نظر بنایا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک (WFP) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں ہر تیسرے فرد کو کئی دنوں تک خوراک نہیں مل رہی، جب کہ غذائی قلت شدید تر ہوتی جا رہی ہے۔ فرانس پریس کے مطابق، ادارے کے بیان میں کہا گیا کہ “غزہ میں غذائی بحران مایوس کن سطح پر پہنچ چکا ہے، اور 90 ہزار سے زائد خواتین اور بچے فوری علاج کے محتاج ہیں۔ادارے کے مطابق، آئندہ چند مہینوں میں 4 لاکھ 70 ہزار فلسطینیوں کو قحط جیسے حالات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ “لوگ امداد نہ ملنے کے باعث جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں، اور غذائی اشیاء کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے ایک مشترکہ بیان میں غزہ میں جاری انسانی بحران کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ امداد کی ترسیل پر عائد پابندیاں فی الفور ختم کرے، اور اقوام متحدہ سمیت غیر سرکاری تنظیموں کو قحط کے خلاف کارروائی کی اجازت دے۔بیان میں زور دیا گیا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرے اور انسانی بنیادوں پر امدادی کاموں میں رکاوٹ نہ ڈالے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version