وحشیانہ بمباری سے درجنوں شہید، انسانی بحران سنگین ہوگیا
بیروت،12 اپریل ( یو این آئی) لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مختلف علاقوں میں تازہ حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جس سے خطے میں انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے ضلع صور کے قصبے معروب میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اسی طرح جنوبی قصبے قانا میں بھی ایک حملے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائیاں دیگر علاقوں تک بھی پھیل گئیں، جن میں البازوریہ، قلیلا، بفلِیہ اور قلوایہ شامل ہیں، جہاں متعدد حملے کیے گئے۔ لبنانی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات قصبہ تفحتہ پر کیے گئے ایک حملے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں جیسے کفرہ، حاریس، رشاف اور سریبین میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلسل حملوں کے باعث لبنان میں سیکیورٹی صورتحال بدستور کشیدہ ہے، جبکہ شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
