ہومInternationalایران کا اسرائیل کے خلاف بڑا مشترکہ حملہ

ایران کا اسرائیل کے خلاف بڑا مشترکہ حملہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

اسرائیل کی 13 ہلاکتوں کی تصدیق، ایران میں 80 اہداف پر حملوں کا دعویٰ

تہران، 15 جون (یو این آئی): ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے سنیچر کی دیر رات اسرائیل کے خلاف بڑا مشترکہ حملہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں میزائل اور ڈرون داغے گئے آئی آر جی سی کے سرکاری خبر رساں ادارے سپاہ نیوز نے رپورٹ کیا کہ آئی آر جی سی کے ایرو اسپیس ڈویژن نے یہ حملہ اسرائیل کے ' جارحانہ حملوں، کے جواب میں کیا اسرائیل کی نیشنل ایمرجنسی میڈیکل سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم (میڈ) کے مطابق ایرانی راکٹ نے اسرائیل کے شمالی حصے میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور 13 افراد زخمی ہوئے۔ متعدد دیگر افراد کو زخمی ہونے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔میڈ کے مطابق ایرانی حملے میں شروع سے اب تک تین افراد ہلاک اور 204 زخمی ہو چکے ہیں۔ حیفہ اور شمالی علاقہ سے باہر کے باشندوں کو ہوم فرنٹ کمانڈ نے بنکر سے نکلنے کی اجازت دی ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کا فضائی دفاعی نظام فعال طور پر میزائلوں کو روک رہا ہے ۔ دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ نے تہران میں فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔ایران کی وزارت پیٹرولیم نے تصدیق کی ہے کہ حملوں میں تہران میں تیل کے دو ڈپو کو نقصان پہنچا ہے۔ دارالحکومت کے مغربی اور شمالی علاقے میں دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ وزارت نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے۔ ادھر اردن نے ایرانی میزائل حملے کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہفتے کی دیر رات اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا۔ ملک کے سول ایوی ایشن ریگولیٹری کمیشن نے اعلان کیا کہ یہ اقدام سول ایوی ایشن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ایران نے جمعہ کے روز تہران اور دیگر شہروں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کے جواب میں یہ حملہ کیا۔ ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں اعلیٰ فوجی کمانڈر، جوہری سائنسدان اور متعدد عام شہری مارے گئے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات ایرانی دارالحکومت تہران میں 80 مقامات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں اُس وسیع عسکری مہم کا حصہ ہیں جو امریکا کی پشت پناہی میں ایران کے خلاف جاری ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیل مجموعی طور پر 170 اہداف کو تباہ کر چکا ہے، جن میں میزائل بیسز، اسلحہ ذخیرہ کرنے کی جگہیں، اور حساس فوجی تنصیبات شامل ہیں۔دوسری طرف گزشتہ 18 گھنٹوں کے اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت نے کہا ہے کہ کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر 200 سے زائد راکٹ داغے گئے جن میں سے 22 میزائل اپنے ہدف پر گرے۔ ان ایرانی حملوں میں 13 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 3 بچے اور 10 بالغ شامل ہیں، جب کہ 380 افراد زخمی ہوئے، جن میں 9 کی حالت نازک، 30 کی درمیانی اور 341 کی معمولی زخمیوں کی کیٹیگری میں ہے۔اسرائیلی حکومت نے اپنے حملے کو ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف "پیشگی دفاعی کارروائی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ قدم ہماری نسل اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری تھا۔"اسرائیلی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی حملوں کا مقصد صرف تباہی اور قتل ہے جب کہ اسرائیلی حملے مخصوص فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔اسرائیلی فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات کیے گئے فضائی حملے ایران کے مغربی علاقوں میں واقع اہم میزائل لانچنگ اور اسلحہ ذخیرہ کرنے والے مراکز پر کیے گئے، جب کہ آئی ڈی ایف (اسرائیلی ڈیفنس فورس) کے عربی ترجمان اویخائے ادرعی نے ایرانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے شہروں میں موجود ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ گاہوں سے دور رہیں اور مقامی حکام کو خطرات سے آگاہ کریں۔یہ صورت حال مشرق وسطیٰ میں پہلے ہی سے کشیدہ ماحول کو مزید خطرناک سمت میں لے جا رہی ہے، اور خطے میں کسی بڑی جنگ کے خدشات تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں۔
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version