رباط، 11 دسمبر (یو این آئی)مراکش کے تاریخی شہر فیز میں دو رہائشی عمارتیں رات کے وقت اچانک گرگئیں، جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق عمارتوں میں مجموعی طور پر 8 خاندان رہائش پذیر تھے،زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کرکے علاقے کو مکمل طور پر خالی کرالیا گیا۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال فیز میں عمارت گرنے کا دوسرا بڑا حادثہ پیش آیا ہے، گزشتہ ماہ مئی میں بھی ایک عمارت کے انہدام سے 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تازہ حادثے کی وجہ کیا تھی اور ملبے کے نیچے مزید لوگ موجود ہیں یا نہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں متعدد بچے بھی شامل ہیں۔فیز ملک کا ثقافتی شہر سمجھا جاتا ہے، جہاں پرانے طرز تنگ گلیاں اور تاریخی عمارتیں سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب کھینچتی ہیں۔تاہم یہ شہر مراکش کے غریب ترین شہری علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں کئی محلوں میں پرانا اور خستہ حال انفراسٹرکچر موجود ہے۔ بلڈنگ کوڈز پر عمل درآمد بھی اکثر کمزور رہتا ہے، بالخصوص قدیم علاقوں میں جہاں کئی منزلہ پرانے مکانات اب بھی آباد ہیں۔یاد رہے کہ فیز شہر اس سال افریقہ کپ آف نیشنز اور فیفا 2030 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے شہروں میں شامل ہے، جس کے باعث اس سانحے نے شہری انتظامیہ کی کارکردگی اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
مراکش میں خوفناک حادثہ:دوعمارتیں اچانک منہدم، 22 افراد ہلاک
مقالات ذات صلة
