ہومInternationalایران پر حملہ کی صورت میں غیر جانبدار نہیں رہیں گے ،...

ایران پر حملہ کی صورت میں غیر جانبدار نہیں رہیں گے ، حزب اللہ کی دھمکی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

بیروت،27جنوری(ہ س)۔لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے پیر کے روز دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ ایران پر حملہ ان کے اپنے گروپ پر ہی حملہ ہوگا اور وہ کسی بھی صورت اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے میں خود کو غیر جانبدار نہیں سمجھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر کیا گیا یہ حملہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ پچھلے ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بحری بیڑے ابراہم لنکن کے خلیج کی طرف پہنچنے کی اطلاع دی تھی اور کہا تھا کہ امریکہ ایران میں سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین کے خلاف خونی کریک ڈاؤن کو گہری نظر سے دیکھ رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے بظاہر چند روز قبل ایران پر حملے سے اپنے قدم دوسری طرف پھیر لیے تھے۔ تاہم انہوں نے ایران پر حملے کی آپشن کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا تھا۔اسی دوران یہ پیش رفت سامنے آئی ہے کہ ابراہم لنکن نامی بحری بیڑہ پیر کے روز مشرق وسطیٰ میں پہنچ گیا ہے جس کی امریکی سینٹ کام نے بھی تصدیق کر دی ہے۔حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ ہم جارحیت کا نشانہ بننے کو اپنے سے الگ نہیں سمجھ سکتے۔ ہمیں جس طرح بھی ممکنہ جارحیت کا خطرہ ہوگا ہم اس سے اپنے دفاع کا اہتمام کریں گے۔ ان کا یہ بیان ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ ایک ریلی کے موقع پر سامنے آیا ہے جس سے انہوں نے ٹی وی کے ذریعے خطاب کیا۔قاسم نعیم نے کہا ایران کے خلاف جنگ پورے خطے میں آگ لگانے کا باعث بنے گی اور ہمیں اس وقت یہ انتخاب کرنا ہوگا کہ ہم اس کا ردعمل کس طرح دیں گے۔ تاہم یہ واضح ہے کہ ہم غیر جانبدار نہیں رہیں گے۔ہمارا ردعمل کیا ہوتا ہے اس کی تفصیلات میدان میں طے کریں گے اور اپنے مفادات کے مکمل تحفظ کے حوالے سے فیصلے کریں گے۔حزب اللہ ایران کی سب سے اہم اتحادی جماعت ہے جو 1980 میں قائم ہوئی اور اسرائیل کے ساتھ کئی جنگوں میں لڑ چکی ہے۔ امریکہ و اسرائیل حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں اور ایران کی حکومت اور سرکاری فوج سخت دباؤ میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی طرف سے نومبر 2024 میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود آئے روز لبنان کے مختلف علاقوں میں حملے جاری رہتے ہیں اور حزب اللہ کا گھیرا مزید تنگ کیے جانے کی کوشش بروئے کار رہتی ہے۔پیر کے روز حزب اللہ نے اپنے تمام حامیوں کو لبنان کے مختلف علاقوں میں ریلیوں کی صورت میں اکٹھا ہونے کو کہا تاکہ ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کر سکیں اور امریکی و صیہونی تخریبی خطروں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران کی حمایت کا اعلان کریں۔بیروت کے مضافات میں ہونے والی اس سلسلے کی ریلی میں بعض مظاہرین نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور اس کے علاوہ حزب اللہ کے ساتھ ساتھ ایرانی پرچم بھی لہرا رہے تھے۔ یہ مظاہرہن ایران کا مقبول عام نعرہ ‘مرگ بر امریکہ’ بھی لگا رہے تھے۔حزب اللہ سربراہ نے اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر پر کسی بھی قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version