ہومInternationalحماس مزید قیدیوں کی لاشوں کی تلاش میں واقعتا ًکھدائی کر رہی...

حماس مزید قیدیوں کی لاشوں کی تلاش میں واقعتا ًکھدائی کر رہی ہے : ٹرمپ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ایکسیوس کے مطابق اسرائیل کا ماننا ہے کہ حماس 15 سے 20 قیدیوں کی لاشیں واپس لاسکتی ہے

نیو یارک 17 اکتو بر (ایجنسی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ حماس مزید قیدیوں کی تلاش میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ تنظیم ملبے اور سرنگوں کے اندر کھدائی کر رہی ہے تاکہ مزید لاشیں تلاش کی جا سکیں۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ معاہدے کے دوسرے مرحلے میں امریکہ کا مطالبہ ہے کہ حماس کو غیر مسلح کیا جائے۔ ان کے مطابق حماس نے اس پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اگر اس نے ایسا نہ کیا تو امریکا خود یہ معاملہ سنبھالے گا۔انھوں نے زور دیا کہ “امریکی فوج کو غزہ کی پٹی میں تعینات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔”ادھر بدھ کے روز اسرائیل نے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کو اطلاع دی کہ حماس اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں واپس لانے کے لیے مطلوبہ کوششیں نہیں کر رہی۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ سے متعلق معاہدہ اس وقت تک اگلے مرحلے میں نہیں جا سکتا جب تک اس معاملے میں پیش رفت نہیں ہوتی۔ یہ بات ویب سائٹ “axios” نے اسرائیلی اور امریکی حکام کے حوالے سے بتائی۔ اسرائیلی وزیر برائے تزویراتی امور رون ڈرمر نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر سے بات چیت کی … اور الزام عائد کیا کہ حماس جان بوجھ کر لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کر رہی ہے۔اسرائیلی اور امریکی حکام کے مطابق اسرائیل نے واشنگٹن کو نئی انٹیلی جنس معلومات فراہم کی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ حماس کے پاس ان لاشوں تک رسائی ہے جن کے بارے میں وہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ نہیں مل رہیں۔ایک سینئر اسرائیلی عہدے دار نے کہا “ہم نہیں سمجھتے کہ حماس اس معاملے میں اپنی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ہمیں علم ہے کہ وہ مزید کچھ کر سکتی ہے اور ہم یہ نہیں مانتے کہ اسے کسی قسم کی رعایت دی جانی چاہیے۔معاہدے کے مطابق حماس کو “اپنی پوری کوشش” کرنی ہے کہ وہ 28 قیدیوں کی لاشیں واپس کرے جن میں دو امریکی شہری بھی شامل ہیں۔ لیکن اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس معاہدے کی شرائط پوری نہیں کر رہی۔ایک امریکی عہدے دار نے “axios” ویب سائٹ کو بتایا “حماس تمام لاشیں واپس کرے گی، مگر اس میں وقت لگے گا۔ ہم اس پر کام جاری رکھیں گے، لیکن ہم معاہدے کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔”گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک فوری بحران اس وقت ٹل گیا جب حماس نے منگل کو تین اور بدھ کو دو قیدیوں کی لاشیں واپس کیں، جس سے مجموعی تعداد 28 میں سے 9 تک پہنچ گئی۔اس کے بعد اسرائیل نے امدادی ٹرکوں کی تعداد کم کرنے اور مصر و غزہ کے درمیان سرحدی گزرگاہ بند رکھنے کی دھمکی واپس لے لی۔تاہم حماس نے اعلان کیا ہے کہ اس کے پاس مزید لاشیں موجود نہیں اور باقی لاشوں کی بازیابی کے لیے خصوصی آلات اور اضافی کوششوں کی ضرورت ہے۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ چند لاشوں کی تلاش مشکل ہو گی مگر 15 سے 20 لاشیں نسبتاً جلد واپس لائی جا سکتی ہیں۔امریکا اب معاہدے کے اگلے مرحلے پر مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے، جن میں حساس امور جیسے کہ “غزہ پر حکمرانی کون کرے گا” اور “اس کی سیکیورٹی کون سنبھالے گا” زیرِ بحث آئیں گے۔ لیکن اسرائیل کا کہنا ہے کہ جب تک قیدیوں کی لاشوں کے معاملے میں پیش رفت نہیں ہوتی، اس مرحلے کی طرف جانا ممکن نہیں۔دریں اثنا اس عمل میں شریک اسرائیلی اور امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ اسرائیلی انتہا پسند وزرا جیسے بتسلئیل سموٹرچ اور ایتمار بن گوئیر … اس معاملے کو بنیاد بنا کر معاہدے کو سبوتاژ کر سکتے ہیں اور جنگ دوبارہ شروع کرانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version