ریاض، 22 دسمبر (یو این آئی) سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاک سعودی تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں پر سعودی عرب کا اعلیٰ اعزاز کنگ عبدالعیزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا ہے۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز میڈل کی پانچ اقسام ہیں جن میں ایکسیلنٹ، فرسٹ، سیکنڈ، تھرڈ اور فورتھ کلاس شامل ہیں۔ یہ اعزاز عام طور پر سعودی عرب یا اس کے کسی ادارے کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔سعودی پریس ایجنسی نے اتوار کی شب بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کی نمایاں کوششوں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ تقریب ریاض میں سعودی وزیرِ دفاع کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے کے دوران منعقد ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاک سعودی تاریخی تعلقات اور دفاعی شعبے میں اسٹریٹجک تعاون کا جائزہ لیا، جبکہ عالمی امن و سلامتی کے قیام اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دوسری جانب سعودی وزیرِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ خادمِ حرمین شریفین کی ہدایت پر انہوں نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاک سعودی تعاون بڑھانے اور تعلقات کو آگے لے جانے کی نمایاں خدمات پر کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس پیش کیا۔بعد ازاں پیر کی صبح آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور عسکری تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق کی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سعودی عرب کے اعلیٰ اعزاز سے سرفراز
مقالات ذات صلة
