واشنگٹن، 17 جنوری (یو این آئی) وائٹ ہاؤس نے غزہ ایگزیکٹو بورڈ کے قیام کا اعلان کر دیا، ٹرمپ نے ٹونی بلیئر اور جیرڈ کشنر کو غزہ کے ’بورڈ آف پیس‘ میں نامزد کیا ہے۔الجزیرہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر کو غزہ بورڈ آف پیس میں شامل کرلیا ہے، جس سے توقع کی جارہی ہے کہ یہ بورڈ غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کش جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی صدر کے 20 نکاتی منصوبے کی نگرانی کرے گا۔وائٹ ہاؤس نے جمعہ کے روز بتایا کہ بلیئر اس بورڈ کے بانی ایگزیکٹو اراکین میں شامل ہوں گے، جن میں ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر، امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی شامل ہیں۔دیگر اراکین میں اپولو گلوبل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک روون، ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا اور امریکی نائب قومی سلامتی مشیر رابرٹ گیبریل شامل ہیں۔بلغارین سفارت کار اور اقوامِ متحدہ کے سابق اعلیٰ عہدیدار نکولے ملادینوف غزہ کے لیے ہائی ریپریزنٹیٹو کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ آریے لائٹ اسٹون اور جوش گروئن بام بورڈ آف پیس کے سینئر ایڈوائزرز مقرر کیے گئے ہیں۔ترکی کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، قطری سفارت کار علی الثوادی اور دیگر شخصیات بھی بورڈ میں شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ امریکی میجر جنرل جیسپر جیفرز کو غزہ کے لیے بین الاقوامی استحکامی فورس کا کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔یہ غزہ ایگزیکٹو بورڈ، ہائی ریپریزنٹیٹو کے دفتر اور غزہ کی انتظامیہ کے لیے قائم قومی کمیٹی (نیشنل کمیٹی فار دی ایڈمنسٹریشن آف غزہ (این سی اے جی) کی معاونت کرے گا، جس کی سربراہی علی شعث کریں گے۔ توقع ہے کہ یہ کمیٹی حماس کی جگہ غزہ کے روزمرہ انتظامی امور سنبھالے گی۔ علی شعث فلسطینی اتھارٹی کے سابق نائب وزیرِ ٹرانسپورٹ رہ چکے ہیں۔ ان کا تعلق غزہ کے شہر خان یونس سے ہے، تاہم وہ اس وقت مقبوضہ مغربی کنارے میں مقیم ہیں۔
غزہ بورڈ آف پیس کا اعلان؛ ٹونی بلیئر اور جیرڈ کشنر کو غزہ کے ’بورڈ آف پیس‘ میں نامزد کیا گیا
مقالات ذات صلة
