ایک بنگلہ دیشی شہری بھی مارا گیا؛ 12 زخمی
ریاض، 9 مارچ (ہ س)۔ بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے درمیان سعودی عرب میں ایک رہائشی کمپاؤنڈ پر میزائل گرنے سے ایک ہندوستانی شہری ہلاک ہو گیاجبکہ ایک بنگلہ دیشی شہری کی بھی اس واقعہ میں موت ہو گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے میں کم از کم 12 دیگر بنگلہ دیشی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ الخرج کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک میزائل رہائشی کمپلیکس پر گرا، جس سے عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے کے بعدراحت اور بچاو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔اس سے قبل، ایران کی فوجی ونگ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی ) نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے الخرج سمیت کئی مقامات پر ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ رہائشی کمپلیکس کو نشانہ بنانے والا میزائل اس حملے سے منسلک تھا یا نہیں۔مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں، وزارت خارجہ نے پہلے ہی سعودی عرب میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ہندوستانیوں کو محتاط رہنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ خطے میں جاری تنازعات کے باعث خلیجی ممالک میں سلامتی کی صورتحال بدستور حساس ہے۔
