پیرس میں آئی ایف ٹی ایم ٹاپ ریسا 2024 میں ہندوستان کی شرکت سے اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملنے کی امید
پیرس۔18؍ ستمبر۔ ایم این این۔ حکومت ہند کی سیاحت کی وزارت 17 ستمبر سے 19 ستمبر 2024 تک پُروقار سیاحتی تجارتی میلے آئی ایف ٹی ایم ٹاپ ریسا 2024 میں شرکت کررہی ہے، جو فرانس کے پیرس شہرمیں منعقد ہونے والی مشہور سیاحتی نمائشوں میں سے ایک ہے۔حیرت انگیز بھارتی پویلین کا افتتاح فرانس میں بھارت کے سفیر عزت مآب جناب جاوید اشرف نے کیا۔ اس موقع پر وزارتِ سیاحت، میگھالیہ اور جموں و کشمیر کے ریاستی سیاحتی محکموں کے ساتھ ساتھ ملک کےمشہور سیاحتی تجارت کے شراکت دار بھی موجود تھے۔حیرت انگیز بھارتی پویلین، ہمارے ملک کی ثقافت، ورثے، طور طریقوں اور جدید سیاحتی مواقع کے بے مثال امتزاج کا ایک پُرکشش مظہرہے۔ حیرت انگیز بھارتی پویلین کا مقصد،نجی ٹور آپریٹرز کو اپنے بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کے لیے ایک مقام مہیا کرتے ہوئے، متنوع سیاحتی مصنوعات اور مقامات کو اجاگر کرنا ہے۔ انڈیا پویلین میں ملک کے یوگا کے گراں قدر طور طریقوں کی نمائش بھی شامل ہے، جو زائرین کی خصوصی توجہ حاصل کررہے ہیں۔یہ شرکت اہم بین الاقوامی بازاروں میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کے ہندوستان کے انتہائی اہم ارادے کی نشاندہی کرتی ہے، جس کا مقصد اندرون ملک سیاحت میں نمایاں طور پر اضافہ کرنا ہے۔سال 2023 میں، 9.24 ملین غیر ملکی سیاح بھارت آئے، جن میں 0.18 ملین سیاحوں کا تعلق فرانس سے تھا۔ غیر ملکی سیاحوں کی بھارت آمد کے لحاظ سے فرانس 11 واں سب سے بڑا ملک ہے۔اس تقریب میں سیاحتی ایجنسیوں، ٹور آپریٹرز، ایئرلائنز، ہوٹلرز، کروز لائنز، سیاحتی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیاں، سیاحتی بورڈز اور سیاحت اور ہاسپٹیلٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر صنعتی ماہرین وغیرہ نے شرکت کی۔