ہندوستانی بحریہ سرویلانس ایئرکرافٹ کی کرے گی خریداری، وزارت دفاع نے 29 ہزار کروڑ روپے کے معاہدوں کو دی منظوری
وزارت دفاع نے ہندوستانی بحریہ کے لیے 9 میریٹائم سرویلانس ایئرکرافٹ اور ہندوستانی کوسٹ گارڈ فورس کے لیے چھ پٹرول ایئرکرافٹ خریدنے کے معاہدے کو منظوری دے دی ہے۔ اس معاہدہ کے تحت 15 میریٹائم پٹرول ایئرکرافٹ میڈ اِن انڈیا پروجیکٹ کے تحت ملک میں ہی مینوفیکچر کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی سی-295 ٹرانسپورٹ ایئرکرافٹ بھی تیار کیے جائیں گے۔ یہ معاہدہ مجموعی طور پر 29 ہزار کروڑ روپے کا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز وزارت دفاع نے کانپور واقع ایک کمپنی سے 1752.13 کروڑ روپے کے پروجیکٹ پر بھی معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدہ کے تحت 463، 12.7 ایم ایم کی ریموٹ کنٹرول بندوق کی مینوفیکچرنگ کی جائے گی۔ یہ بندوق بھی بحریہ اور کوسٹ گارڈ فورس کے جوانوں کو ملیں گی۔ وزارت دفاع کے ان معاہدوں سے نہ صرف ہندوستان کی سمندری طاقت میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے خود کفیل ہندوستان کو بھی فروغ ملے گا۔
معاہدہ کے تحت ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹم اور ایئربس مل کر ایئرکرافٹ کی مینوفیکچرنگ کریں گے۔ ان ایئرکرافٹس میں جدید رڈار اور سنسرز لگے ہوں گے۔ اس معاہدہ کے پورے ہونے کے بعد بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈ فورس کی سرویلانس کی صلاحیت میں زبردست اضافہ ہوگا۔