
75views
نئی دہلی، 8 مئی:۔ (ایجنسی) آپریشن سندور کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر 24 میزائل حملوں کے ایک دن بعد ہندوستانی مسلح افواج نے جمعرات کو پاکستان میں متعدد مقامات پر فضائی دفاعی نظام اور ریڈار کو نشانہ بنایا۔ فوج نے کہا کہ بھارت کی کارروائی سے لاہور میں واقع فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں وزارت دفاع نے پاکستان پر شمالی اور مغربی ہندوستان میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو متناسب جواب دیا ہے۔ پاکستانی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بھارت کے ڈرون حملے میں پاکستان کے ایئر ڈیفنس یونٹ کے HQ-9 ایئر ڈیفنس میزائل لانچر کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت نے آپریشن سندور کے تحت پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں تباہ کن میزائل حملے کیے۔ حکومت ہند نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کو انٹیگریٹڈ کاؤنٹر یو اے ایس گرڈ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے بے اثر کر دیا۔ ان حملوں کا ملبہ اب متعدد مقامات سے برآمد کیا جا رہا ہے۔ اس کے جواب میں، ہندوستانی مسلح افواج نے جمعرات کی صبح پاکستان کے متعدد مقامات پر ایئر ڈیفنس ریڈارز اور سسٹمز کو نشانہ بنایا۔ وزارت نے کہا، "بھارتی ردعمل اسی تناسب سے ہے جس شدت کے ساتھ پاکستان نے حملہ کیا ہے۔ یہ قابل اعتماد طریقے سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں ایئر ڈیفنس سسٹم کو بے اثر کر دیا گیا ہے۔" پاکستان نے جموں و کشمیر کے کپواڑہ، بارہمولہ، اُڑی، پونچھ، مینڈھر اور راجوری سیکٹروں کے علاقوں میں مارٹر اور ہیوی کیلیبر آرٹلری کا استعمال کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے پار بلااشتعال فائرنگ کی شدت میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستانی فائرنگ سے سولہ معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں جن میں تین خواتین اور پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ ایل او سی پر بھارت نے پاکستان کو مارٹر اور آرٹلری سے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج عدم کشیدگی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہیں، بشرطیکہ پاکستانی فوج اس کا احترام کرے۔
