ملک کی راجدھانی دہلی کے کانجھا والا علاقے میں ایک شخص نے اپنی ہی بیٹی کو قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم باپ کو گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ اتوار کی رات کھیت میں ایک لڑکی کی خون سے لت پت لاش ملی تھی، جس کے بعد پولیس اس کی تحقیقات کر رہی تھی۔
نیوز پورٹل ’آج تک ‘ پر شائع خبر کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ لڑکی کو ٹیکسی میں کھیتوں میں لایا گیا اور پھر اسے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر والد سے پوچھ گچھ کی تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شادی کے معاملے پر باپ بیٹی کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باپ بیٹی کی شادی کرنا چاہتا تھا لیکن جیسے ہی اس نے شادی کی بات کی تو بیٹی انکار کردیتی تھی جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان کئی جھگڑے بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق لڑکی کو اتوار کی رات گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق قتل لڑکی کے والد نے کیا۔ ملزم نے ایک ٹیکسی بک کرائی تھی اور نریلا سے اپنی بیٹی کو ساتھ لے کر آیا تھا۔
کیب ڈرائیور نے بتایا کہ وہ نریلا سے ایک مرد اور ایک 25 سالہ لڑکی کو اپنے ساتھ لایا تھا۔ اس نے شراب خود پی اور اسے بھی پلائی ۔ اس کے بعد اس شخص نے ایک سنسان جگہ پر ٹیکسی روکی اور کہا کہ وہ لڑکی کو مارنے والا ہے۔ اس کے بعد لوگوں کو کھیت میں ایک لڑکی کی لاش ملی جس کا گلا کٹا ہوا تھا۔