کولکاتا: ملک میں عام انتخابات سے عین قبل نافذ کیے گئے شہریت (ترمیمی) اصول-2024 کے تحت شہریت نامے جاری کرنے کا عمل مغربی بنگال سمیت متعدد ریاستوں میں بدھ کے روز شروع ہو گیا ہے۔ ایک سرکاری بیان میں جمعرات کے روز کہا گیا کہ ’’ریاست بنگال کی باختیار کمیٹی کی طرف سے شہریت کی درخواستوں کی پہلی فہرست کو بدھ کے روز منظوری دی گئی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ کل ہی پی ایم مودی نے جنوبی 24 پرگنہ کے کاکڈویپ میں یقین دہانی کرائی ہے کہ سی اے اے صرف ان مہاجرین کو ہندوستانی شہریت دینے کے لیے ہے جو دوسرے ممالک میں مذہبی بنیاد پر ظلم و ستم کا شکار ہونے کے بعد ملک میں آئے ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا کہ ہریانہ اور اتراکھنڈ کی ریاستوں کی بااختیار کمیٹیوں نے بھی بدھ کے روز شہریت (ترمیمی) اصول، 2024 کے تحت اپنی متعلقہ ریاستوں کے درخواست دہندگان کی پہلی فہرست کو شہریت کی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ شہریت (ترمیمی) اصول، 2024 کے تحت دہلی کی باختیار کمیٹی کی طرف سے پہلی فرست کو منظوری ملنے کے بعد نئی دہلی میں درخواست دہندگان کو مرکزی داخلہ سکریٹری نے 15 مئی 2024 کو شہریت نامے سونپ دیے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت ہند نے عام انتخابات سے عین قبل 11 مارچ 2024 کو شہریت (ترمیمی) اصول، 2024 کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں درخواست فارم، ضلعی سطح کی کمیٹی (ڈی ایل سی) کے ذریعہ درخواستوں پر کارروائی کا طریقہ کار، اور جانچ پڑتال اور ریاستی سطح کی باختیار کمیٹی (EC) کے ذریعہ شہریت کی منظوری کا خاکہ پیش کیا گیا تھا۔
درخواستوں پر کارروائی مکمل طور پر آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جاتی ہے۔