International

امریکہ میں بم حملوں کی دھمکی، اہم عمارتیں اور اسکول خالی کرالئے گئے

83views

ہیٹی کے تارکین پالتو جانور اٹھا کر کھا رہے ہیں؛ ڈونلڈ ٹرمپ کےدعوے کو جھوٹا قرار دیا گیا

واشنگٹن، 14 ستمبر (یو این آئی) امریکا کی ریاست اوہائیو میں بم حملوں کی دھمکی کے بعد مسلسل دوسرے دن پبلک اسکولوں اور میونسپل عمارتوں کو خالی کراکر بند کردیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست اوہائیو کے شہر اسپرنگ فیلڈ میں گزشتہ روز بم حملے کی دھمکی کے بعد متعدد سرکاری عمارتوں اور اسکولوں کو دوبارہ خالی کروایا گیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز دو نئی بم دھمکیاں ای میل کے ذریعے موصول ہوئیں۔ ایک ای میل میں شہر کے کمشنرز اور ایک سرکاری ملازم کو بھیجی گئی۔دوسری ای میل میں کئی مقامات کو بم سے تباہ کرنے کی دھمکیاں شامل ہیں، جن میں پیرن ووڈس ایلیمنٹری اسکول، روزویلٹ مڈل اسکول، اسپرنگ فیلڈ سٹی ہال، کلف پارک ہائی اسکول، بیورو آف موٹر وہیکلز، اور اوہائیو لائسنس بیورو ساؤتھ سائیڈ شامل ہیں۔سیکورٹی حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت ان تمام عمارتوں کو خالی کروا لیا ہے، تاہم افسران نے دھماکہ خیز مواد کی شناخت کرنے والے کتوں کے ساتھ عمارتوں کا معائنہ کیا اور انہیں کلیئر قرار دیا۔ایف بی آئی کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قسم کے واقعات ایسے وقت میں رونما ہورہے ہیں جب اسپرنگ فیلڈ میں ہیٹی کے تارکین وطن کو نشانہ بناتے ہوئے نسل پرستانہ افواہیں سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے اس جھوٹے دعوے کے بعد اوہائیو توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کہ ہیٹی کے تارکین پالتو جانور اٹھا کر کھا رہے ہیں۔اوہائیو کے ترجمان کیرن گریوز نے بتایا کہ دھمکی زدہ ای میل میں کہا گیا ہے کہ سپرنگ فیلڈ کے میئر اور شہر کے دیگر عہدیداروں کے گھروں میں بم نصب کیے گئے ہیں۔ترجمان کیرن گریوز نے کہا کہ ’ہم اپنی کمیونٹی کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہیں اور عوام کو لاحق تمام خطرات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ وفاقی تفتیشی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے دفتر کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ ان دھمکی آمیز ای امیل کا سراغ لگایا جا سکے۔جمعے کو ایک بیان میں سپرنگ فیلڈ سٹی سکول ڈسٹرک نے کہا کہ سکول کو درپیش تمام خطرات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور ان دھمکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔دھمکی آمیز ای میلز میں ریاست کے دارالحکومت کولمبس سے تقریباً 45 میل کے فاصلے پر واقع شہر میں ہزاروں ہیٹی تارکین وطن کی آمد کا حوالہ دیا گیا ہے۔منگل کو صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ کے مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا تھا کہ ہیٹی کے تارکین وطن لوگوں کے پالتو کتے اور بلیاں کھا جاتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب صدارتی امیدوار سینٹر جے ڈی وینس اور دیگر ریپبلکن نے بھی اسی قسم کا دعویٰ کیا تھا کہ تارکین وطن تفریحی مقامات سے پرندے اٹھا کر کھاتے ہیں۔مارچ میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سپرنگ فیلڈ کے ایک پارک میں ہیٹی سے تعلق رکھنے والے تین پناہ گزینوں کو بطخ اور ہنس کو پکڑتے دیکھا گیا تھا۔چند دن پہلے پارک میں ایک تختی بھی نصب کی گئی تھی جس پر لکھا تھا ’برائے مہربانی بطخیں نہ کھائیں‘، تاہم نیشنل ٹریلز پارکس اینڈ ریکریشن ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریڈ بویر نے بتایا ہے کہ اس تختی کو ہٹا دیا گیا ہے۔ جمعے کو نیوز نیشن کے ساتھ ایک انٹرویو میں سپرنگ فیلڈ کے میئر راب رو نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کے یہ دعوے غلط ہیں اور شہر پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ سپرنگ فیلڈ اب بھی خوبصورت ہے اور آپ کے پالتو جانور محفوظ ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.