International

حزب اللہ پیچھے ہٹ جائے یا پھر مزید حملوں کا سامنا کرے

54views

لبنان پر بے تحاشہ بمباری کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان

تل ابیب 24 ستمبر(ایجنسی)اسرائیلی ٹی وی “چینل 13” نے آج منگل کی صبح بتایا ہے کہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے سیکورٹی کابینہ کو باور کرایا ہے کہ “اسرائیلی کارروائیوں کا مقصد حزب اللہ کو حماس سے الگ کرنا ہے”۔اس سے قبل ایک اعلیٰ سطح کے اسرائیلی ذمے دار نے اسرائیلی اخبار “يديعوت احرونوت” کو بتایا کہ “اب بھی ہمار ےپاس ہزاروں اہداف ہیں جن کو لبنان میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے … ہم انتظار کر رہے ہیں کہ حزب اللہ پیچھے ہٹ جائے یا پھر مزید حملوں کا سامنا کرے … ہم سمجھتے ہیں کہ حزب اللہ کے ساتھ مقابلے میں وقت لگے گا”۔العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے نمائندے کے مطابق تل ابیب میں اسرائیلی حکومت کی سیکورٹی کابینہ کے 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں فیصلے نہیں کیے گئے۔ اجلاس میں فوجی کارروائی کے حوالے سے وزرا کی بریفنگ شامل تھی۔ اجلاس میں لیے گئے جائزے کے بعد یہ بات معلوم نہیں ہو سکی کہ آیا حزب اللہ کی جانب سے سرحدی سیکورٹی تدابیر قبول کرنے کی صورت میں اسرائیل حملہ روک دینے کیلئے تیار ہے۔پیر کے روز لبنان کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں اسرائیلی حملوں میں تقریبا 500 افراد ہلاک ہو گئے جن میں 35 بچے شامل ہیں۔ یہ غزہ میں جنگ کے تناظر میں تقریبا ایک برس قبل سرحد کی دونوں جانب لڑائی شروع ہونے کے بعد اب تک لبنان پر ہونے والی شدید ترین بم باری ہے۔پیر کی دوپہر سے شروع ہونے والے شدید اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نشانہ بنائے گئے علاقوں سے ہزاروں خاندانوں نے راہ فرار اختیار کی۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ روز کہا کہ ان کی فوج حزب اللہ کے خلاف آپریشن کے ذریعے شمالی اسرائیل میں سیکورٹی کا توازن تبدیل کر رہی ہے۔نیتن یاہو کے مطابق پیر کو آپریشن کے پہلے روز حزب اللہ کے 1600 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے لبنانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ ان علاقوں سے دور رہیں جہاں حزب اللہ کے ہتھیار موجود ہیں۔ انھوں نے کہا حزب اللہ کے ہتھیاروں کے خاتمے کے ساتھ ہی مقامی آبادی کی واپسی ہو جائے گی۔دوسری جانب حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے طبریا کے مغرب میں ایک اسرائیلی فوجی اڈے کو درجنوں راکٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ مزید یہ کہ شمالی علاقے کے زیر انتظام مرکزی ڈپوؤں پر بھی حملہ کیا گیا۔ادھر لبنان میں نگراں حکومت کے سربراہ نجیب میقاتی نے حالیہ اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں لبنان تباہ کرنے کی منصوبہ بندی قرار دیا۔ماسکو میں کرملن ہاؤس کا کہنا ہے کہ صورت حال روزانہ تیزی سے خراب ہو رہی ہے، تشویش ناک امر یہ ہے کہ کوئی یہ نہیں جان پا رہا کہ معاملات کس طرف جا رہے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ نے بھی لبنان میں وسیع پیمانے پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.