Jharkhand

ہیمنت نے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا

34views

گورنر نے حکومت سازی کی دعوت دی، 28 نومبر کو وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 24 نومبر:۔ انڈیا اتحاد کے نو منتخب ایم ایل اے کی میٹنگ اتوار کے روز وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ اراکین اسمبلی نے متفقہ طور پر ہیمنت سورین کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا۔ اس کے بعد ہیمنت سورین راج بھون پہونچے۔ سب سے پہلے ہیمنت سورین نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے اپنا استعفیٰ گورنر سنتوش گنگوار کو پیش کیا اور پھر حکومت بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایم ایل اے کی حمایت کا خط پیش کیا۔ وہ 28 نومبر کو وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات 2024 میں انڈیا الائنس کو زبردست کامیابی ملی ہے۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں 81 میں سے 56 سیٹیں جیتنے کے ایک دن بعد، اتوار کو یہاں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ورکنگ صدر ہیمنت سورین کی صدارت میں انڈیا بلاک کی میٹنگ ہوئی۔ اس اجلاس میں انہیں قائد منتخب کیا گیا۔
28 نومبر کو وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے
کانگریس لیڈر سبودھ کانت سہائے نے کہا کہ انڈیا بلاک کے اتحادیوں نے ہیمنت سورین کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا ہے۔ وہ انتخابات سے پہلے ہی باضابطہ رہنما تھے۔ اتوار کو چاروں پارٹیوں کے ایم ایل اے نے اپنا لیڈر منتخب کیا۔ وہ ممکنہ طور پر 28 نومبر کو حلف اٹھا سکتے ہیں۔ گورنر سے ملاقات کے بعد ہیمنت سورین نے کہا کہ آج مہا گٹھ بندھن کی طرف سے نئی حکومت بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے مستعفی ہو کر ہم نے گورنر کے سامنے اگلی حکومت کی تشکیل کیلئے درخواست اور دعویٰ پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر نے انہیں قائم مقام وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سونپی ہے اور انہیں حکومت بنانے کی دعوت بھی دی ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس انچارج، آر جے ڈی اور بائیں بازو کے انچارج بھی ساتھ رہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب حلف برداری کا دن 28 نومبر مقرر کیا گیا ہے۔
گورنر نے ہیمنت سورین کو جھارکھنڈ کا نامزد وزیر اعلیٰ مقرر کیا
گورنر سنتوش گنگوار نے ہیمنت سورین کا استعفیٰ قبول کرنے کے بعد ان سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں اس وقت تک ادا کرتے رہیں جب تک کوئی متبادل انتظام نہیں ہو جاتا۔ اس کے بعد جھارکھنڈ مکتی مورچہ، کانگریس، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور سی پی آئی (ایم) کے وفد نے راج بھون میں ہیمنت سورین کی قیادت میں جھارکھنڈ میں حکومت سازی کے لیے منتخب اراکین اسمبلی کو حمایت کا خط پیش کیا۔ گورنر نے ہیمنت سورین کو جھارکھنڈ کا نامزد وزیر اعلیٰ مقرر کیا اور انہیں حکومت بنانے کی دعوت دی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.