National

ہنس راج ہنس اور پرنیت کور کو بی جے پی کی آٹھویں فہرست میں ملا موقع ، سنی دیول کا ٹکٹ کٹا

99views

بی جے پی نے ہفتہ (30 مارچ) کو لوک سبھا انتخابات 2024 کے لئے اپنے امیدواروں کی آٹھویں فہرست جاری کی۔ پارٹی نے اس لسٹ میں  تین ریاستوں میں 11 لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس میں پنجاب کی چھ لوک سبھا سیٹ، اڈیشہ کی تین اور مغربی بنگال کی دو سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے گئے ہیں۔ بی جے پی نے دوسری پارٹیوں  سے آئے لوگوں کو بھی موقع دیا ہے۔

بی جے پی نے ہنس راج ہنس کو فرید کوٹ، پنجاب، سے اپنا امیدوار بنایا ہے لیکن گورداسپور سیٹ سے موجودہ ایم پی اور بالی ووڈ اداکار سنی دیول کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے ۔ سنی دیول کی جگہ دنیش سنگھ ‘ببو’ کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ پہلے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ بی جے پی نے ہنس راج ہنس کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے کیونکہ پارٹی کی دوسری فہرست میں انہیں شمال مغربی دہلی کی سیٹ سے ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔ فرید کوٹ سے انہیں موقع دے کر بی جے پی نے ان پر دوبارہ اعتماد ظاہر کیا ہے صرف سیٹ بدلی ہے۔

بی جے پی نے اڈیشہ کے کٹک سے بھرتری ہری مہتاب کو ٹکٹ دیا ہے۔ بھرتری ہری مہتاب نے حال ہی میں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہیں حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والی امرندر سنگھ کی اہلیہ  پرنیت کور کو بھی پٹیالہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وہ کئی بار پٹیالہ سے الیکشن لڑ چکی ہیں اور اس سیٹ سے موجودہ ایم پی ہیں۔کانگریس نے انہیں فروری 2023 میں بی جے پی میں شامل ہونے والے امرندر سنگھ کی حمایت کرنے پر پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔

بی جے پی نے جالندھر سے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) چھوڑنے والے سشیل کمار رنکو کو ٹکٹ دیا ہے۔ چار دن پہلے کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے رونیت سنگھ بٹو کو بھی لدھیانہ سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ رونیت سنگھ بٹو لدھیانہ سے موجودہ ایم پی اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ بینت سنگھ کے پوتے ہیں۔ وہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے قریبی مانے جاتے تھے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے سابق آئی پی ایس دیباشیش دھر کو مغربی بنگال کی بیر بھوم لوک سبھا سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔

واضح رہے بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے اب تک 411 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ ملک میں 18ویں لوک سبھا کے لیے ووٹنگ 19 اپریل سے یکم جون کے درمیان سات مرحلوں میں ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 4 جون سے شروع ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو، دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو، تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو، چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو، پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو، چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو اور ساتویں مرحلے میں یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.