National

میرٹھ میں موبائل چارجنگ کے دوران دھماکے سے گھر میں آگ لگ گئی، چار بچوں کی موت

141views

اتر پردیش کے میرٹھ ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پلّوپورم تھانہ علاقہ میں واقع ایک گھر میں موبائل چارجنگ کے دوران شارٹ سرکٹ سے دھماکہ ہو گیا، جس کی وجہ سے گھر میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے چار بچے جاں بحق اور ان کے والدین شدید طور پر جھلس گئے۔

پولیس کے ایک اہلکار نے اتوار (24 مارچ) کو بتایا کہ پلوپورم تھانہ علاقہ کی جنتا کالونی میں جانی نامی شخص کے گھر میں ہفتہ (23 مارچ) کی رات موبائیل فون کی چارجنگ کے دوران شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آگ نے کچھ ہی دیر میں اتنی سنگین شکل اختیار کر لی جس میں جانی، اس کی بیوی ببیتا اور چار بچے ساریکا (10)، نہاریکا (8)، سنسکار عرف گولو (6) اور کالو (4) شدید طور پر جھلس گئے۔

سبھی کو میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا جہاں رات دیر گئے نہاریکا اور گولو کی موت ہو گئی جبکہ ساریکا اور کالو کی اتوار کی صبح موت ہو گئی۔ پولیس افسر کے مطابق جانی کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن ببیتا کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے دہلی ایمس ریفر کر دیا گیا ہے۔ جانی نے بتایا کہ نہاریکا، گولو اور کالو موبائل پر گیم کھیل رہے تھے اور اس دوران موبائل بھی چارج ہو رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی اور کچھ ہی دیر میں آگ بہت شدید ہو گئی۔ پولیس اس حادثے کی تحقیق کر رہی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.