National

آسام میں سیلاب کی صورتحال میں بہتری، ڈھائی لاکھ افراد ہنوز متاثر ایک اور شخص کی موت

87views

بدھ کو آسام میں سیلاب کی صورتحال بہتر ہوئی، لیکن ایک اور شخص ڈوبنے سے مر گیا، جب کہ آٹھ اضلاع میں تقریباً ڈھائی لاکھ لوگ اب بھی سیلاب سے نبرد آزما ہیں۔ یہ اطلاع ایک سرکاری بلیٹن میں دی گئی ہے۔

آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کی روزانہ سیلاب کی رپورٹ کے مطابق، کاچھر ضلع کے کٹیگورہ ریونیو سرکل میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ اس سال سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفان میں جانیں گنوانے والوں کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی۔

کاچھر، دیما ہساو، ہیلاکنڈی، ہوجائی، مغربی کاربی انگلونگ، کریم گنج، موریگاؤں اور ناگاؤں اضلاع میں سیلاب سے تقریباً 2,47,000 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

اے ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ ناگاؤں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں 1.4 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے بعد کچھار میں تقریباً 65,500 اور ہوجائی میں تقریباً 18,500 لوگ متاثر ہیں۔ منگل تک ریاست کے نو اضلاع میں 4.23 لاکھ سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے تھے۔

انتظامیہ پانچ اضلاع میں 112 ریلیف کیمپ چلا رہی ہے جہاں 22,373 لوگ پناہ لے رہے ہیں اور چار اضلاع میں 21 امدادی مراکز ہیں۔

اے ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ اس وقت ریاست میں 375 گاؤں زیر آب ہیں اور 5,055.6 ہیکٹر زرعی رقبہ تباہ ہو چکا ہے۔ سیلاب سے 32,200 سے زیادہ پالتو جانور متاثر ہوئے ہیں۔

Follow us on Google News