ایکسائیز کانسٹیبل بھرتی کی دوڑ میں جان گنوانے والوں کے خاندانوں کو معاوضہ ملے گا؛ تجویز منظور
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 26 ستمبر:۔ کانسٹیبل کی بحالی کے لیے جسمانی جانچ کے دوران اس کی صحت خراب ہونے کے بعد جان کی بازی ہارنے والے امیدوار کے خاندان کو 4 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے پہلے اعلان بھی کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اگست میں شروع ہوئی کانسٹیبل کی بحالی کی دوڑ کے دوران ریاست میں کل 17 نوجوانوں کی موت ہو چکی ہے، جب کہ کئی بیمار ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ امیدواروں کی ہلاکت کے مسلسل واقعات کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے فزیکل ایفیشنسی ٹیسٹ کا عمل مختصر وقت کے لیے ملتوی کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بعد ازاں مانیٹرنگ اور سہولیات بڑھا کر بھرتی کا عمل شروع کیا گیا۔ انہوں نے مستقبل میں بحالی کے قوانین میں تبدیلی کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔ محکمہ داخلہ بھی اس کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔ یہ ممکن ہے کہ جمعہ 27 ستمبر کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں قواعد میں ترمیم سے متعلق کوئی تجویز وزراء کی کونسل میں غور کے لیے پیش کی جائے۔