لوک سبھا انتخابات 2024 کے اختتام کے بعد اب نئی حکومت تشکیل ہونے جا رہی ہے۔ نریندر مودی کل (09 جون) کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔ اسی دوران اتر پردیش کے نگینہ سیٹ پر کامیابی حاصل کرکے رکن پارلیمنٹ بننے والے آزاد سماج پارٹی کے صدر چندر شیکھر آزاد نے کہا ہے کہ اگر این ڈی اے والے انہیں وزیر اعظم بھی بنادیں تو بھی وہ اس اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ نگینہ کے لوگوں نے مجھے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ووٹ دیا ہے۔ آئین کے مخالفین کو سبق سکھانے کے لیے ووٹ دیا ہے۔ سیاسی طاقت ضروری ہے لیکن اس کے لیے نظریے کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں اور ایسے میں این ڈی اے میں شامل ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے آزاد سماج پارٹی کے نوجوان صدر نے کہا کہ اگر حکمراں پارٹی اتنی ہی اچھی ہوتی تو اسے اتنی کم سیٹیں نہ ملتیں۔ یہ ایک ہار کی طرح ہے۔ حکمران پارٹی نے 400 کا دعویٰ کیا تھا اور عوام نے انہیں کہاں لاکر چھوڑ دیا؟ اگر بی جے پی کے اعلیٰ لیڈروں نے ڈیمیج کنٹرول نہ کیا ہوتا تو ان کی سیٹیں 200 سے بھی کم رہتیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد سماج پارٹی عوام کے مفادات کے لیے کام کرے گی۔ میں عہدے اور وقار کے لیے سیاست میں نہیں آیا۔
آزاد سماج پارٹی کے صدر نے کہا کہ میں صرف دلتوں کے ووٹ سے نہیں بلکہ پال، پرجاپتی، کشیپ، سینی، موریہ، شاکیہ اور مسلمانوں کے بھی ووٹوں سے منتخب ہوا ہوں۔ مجھے تمام لوگوں کے ووٹ ملے ہمیں۔ میں کسی کا اپوزیشن نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نگینہ میں دلت اور پسماندہ مسلمانوں کا اتحاد بنا ہے۔ اگر یہی موقع مجھے یوپی کے دیگر حصوں میں ملے تو یوپی میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ سیاست ایک فن ہے جسے سمجھنے میں بہت وقت لگا۔ ہم محروم ہیں لیکن ہمارا سماج محروم نہ رہے، اس کے لیے لڑنا ہے۔