66
جیسلمیر، 23 ستمبر:۔ (ایجنسی)راجستھان کے جیسلمیر میں علاقائی فوج کے 128 ویں انفنٹری ڈویژن (ای ٹی ایف) کے زیراہتمام ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ موضوع کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک گھنٹے میں 5 لاکھ 19 ہزار پودے لگا کر ورلڈ بک آف ریکارڈز میں اپنا نام درج کرا لیا ہے۔ یہ مہم سات مختلف مقامات پر بیک وقت ضلعی انتظامیہ، فوج، بارڈر سیکورٹی فورس، ایئر فورس، پنچایت، محکمہ جنگلات اور میونسپل کونسل کے تعاون سے منعقد کی گئی جو کہ کمیونٹی کی ترقی اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے متحدہ کوشش کو ظاہر کرتی ہے۔ اس مہم کا مرکزی پروگرام جیسلمیر ملٹری اسٹیشن اور نیو لنک روڈ رانیسر سمیت چار دیگر مقامات پر منعقد کیا گیا۔ اس مہم میں بیٹل کے میجر جنرل ایچ ایس بجاج اور بڑی تعداد میں افسران، سپاہیوں و سینکڑوں عام لوگوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ پروجیکٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو آفیسر رانیسر پلانٹیشن سائٹ میجر اننت کمار سنگھ نے بتایا کہ علاقائی فوج کی 128ویں انفنٹری کور (ای ٹی ایف) کے زیراہتمام خصوصی شجرکاری مہم کے تحت اتوار کو مجموعی طور سے پانچ لاکھ 19 ہزار310 پودے پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔ میجر اننت کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ اس میں ملٹری اسٹیشن کے علاقے میں 2 لاکھ 57 ہزار 820، نیو لنک روڈ رانیسر جیسلمیر میں 01 لاکھ 70 ہزار اور دیگرایا ماتا مندر ساوتا، ہیاگ جی مندر شریموہنگڑھ، ویر شری سودھا جی مندر سلکھا، ستیمتا مندر ہمیرا اور جیسلمیر میں ایک ہزار 490 پودے لگائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بک آف ریکارڈ لندن نے ای ٹی ایف کو اس عالمی ریکارڈ کے لیے ایک عارضی سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل آسام حکومت کے محکمہ جنگلات نے 1 گھنٹے میں 3 لاکھ 31 ہزار پودے لگا کر عالمی ریکارڈ درج کیا تھا۔