
105views
نئی دہلی، 16 اپریل (ہ س)۔دہلی کی دوارکا کورٹ کو بم سے حملے کی دھمکی ملی ہے۔ تاہم جیسے ہی یہ معاملہ سامنے آیا، پولیس اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں نے تیزی سے کارروائی شروع کردی اور عدالت کے احاطے کو خالی کرادیا گیا۔دوارکا ضلع کے ڈی سی پی انکت سنگھ نے بتایا کہ بدھ کی صبح دوارکا کورٹ میں بم کی دھمکی ملنے کے بعد اسے خالی کرا لیا گیا اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ صبح تقریباً 10.45 بجے پی سی آر کو ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ دوارکا کورٹ کو بم کی دھمکی والی ای میل موصول ہوئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ای میل بدھ کی صبح 03:11 بجے موصول ہوئی۔ عدالتی حکام نے بدھ کی صبح پولیس کو اس کی اطلاع دی۔بم کی دھمکی کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ادارے الرٹ ہوگئے۔ انہوں نے فوری طور پر پورے عدالت کے احاطے کو خالی کرالیا اور بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور مقامی پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ تاہم اب تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دھمکی ملنے کے بعد آج عدالتی کارروائی روک دی گئی اور کمرہ عدالت کو خالی کر دیا گیا۔
