
بہار کی سرکردہ سیکولر اتحادی پارٹیوں نے 29 جون کے اجتماع کو کامیاب بنانے کا وعدہ کیا
پٹنہ،22جون (راست) بہار کی سرکردہ سیکولر اتحادی پارٹیوں راشٹریہ جنتا دل ،بھاکپا مالےاور مجلس اتحاد مسلمین کے سیاسی نمائندوں نے 29 جون کو منعقد ہونے والی وقف بچاؤ،دستور بچاؤ کانفرنس کو کامیاب بنانے کا عہد و پیمان کیا،امارت شرعیہ پھلواری شریف ،پٹنہ کی دعوت پر تشریف لانے والے چودھری محبوب علی قیصر سابق ایم پی ، اختر الایمان ایم ایل اے مجلس اتحاد المسلمین، اختر الاسلام شاہین راجد ایم ایل اےسمستی پور، گو پال روی داس مالے ایم ایل اے پھلوار ی شریف ، فاروق شیخ راجد ایم ایل سی ، محبوب علی لیڈر بھاگپا مالے ، انور عالم سابق ایم ایل اے نے مشترکہ طور پر کہا کہ امارت شرعیہ پھلواری شریف نے وقف کانفرنس طلب کر کے وقت کی ایک اہم ضرورت کی تکمیل کی ہے اس کے لیے امارت شرعیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مہتاب عالم راجد صدر مہا نگر، محمد مہتاب خان نے کہا کہ ہر طرح سے ہم لوگ تیارہیں، یہ میٹنگ امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی صدارت میں امارت شرعیہ کے کانفرنس حال میں منعقد ہوئی، جس کے صدارتی خطاب میں امیر شریعت نے فرمایا کہ اوقافی جائیداد کے تحفظ کا مسئلہ صرف مسلمانوں کے ملی تہذیبی شناخت کے تحفظ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ دستور و آئین بنیادی حقوق کی حفاظت اور عدالتوں کے ذریعے کیے گئے مختلف فیصلوں کے بھی خلاف ہے؛ اس لیے اس کی حفاظت میں سب کی حصہ داری ہونی چاہیے تاکہ معلوم ہو کہ اس نئے وقف قانون کے خلاف پورا ملک بے چین ہے، انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ایک کو کوشش کرنی ہے حتی کہ برادران وطن کو بھی دعوت دینی ہے کہ اس قانون سے ملک کو نقصان ہونے والاہے تاکہ کسی کو پروپیگنڈا کا موقع نہ ملے، انہوں نے مزید کہا کہ گاندھی میدان پٹنہ آنے والے لوگوں کو ہر طرح راحت و آرام پہنچانے کے لیے ہم سب کو اپنے دل کے دروازے کھول دینے ہیں ،قیام و طعام کا بھی بہتر سے بہتر انتظام کرنا ہے امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈکے قائم مقام ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے کہاکہ 29 جون کو منعقد ہونے والی کانفرنس کی تیاریوں کی عملی پیش رفت بیان کی اور کہا کہ امیر شریعت کی رہنمائی میں استقبالیہ کمیٹی رضاکار کمیٹی ٹرانسپورٹ کمیٹی پارکنگ کمیٹی تشکیل پا چکی ہے، عوامی رابطے بھی جاری ہیں انشاءاللہ بڑی تعداد میں لوگ گاندھی میدان پٹنہ پہنچیں گے، اختر الایمان نے کہا کہ فسطائی طاقتیں مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ہم اس کا آئینی دائرے میں رہتے ہوئے مقابلہ کریں گے اور 29 جون کو اپنے حلقے سے لوگوں کو پرامن طریقے سے پٹنہ پہنچانے کی تحریک چلائیں گے ،چودھری محبوب علی قیصر نے کہا کہ ہم سب اجتماعی قوت سے کانفرنس کو کامیاب بنائیں گے اور جو ممکن ہو سکتا ہے کریں گے ، اختر الاسلام شاہین نے کہا کہ ہمیں امارت شرعیہ کی قیادت پر اعتماد ہے وقف کانفرنس کو کامیاب بنانے میں آخری درجہ کی کوشش کریں گے، پھلواری شریف کے ایم ایل اے گوپال روی داس نے کہا کہ کسان تحریک سے حکومت جھکی ہے وقف تحریک سے بھی جھکے گی، اس کے لیے انہوں نے خاطر خواہ تعاون پیش کیا ،فاروق شیخ شیوہر نے کہا کہ علاقے سے آنے والی گاڑیوں کے مندوبین کے کھانے اور بسوں کے دینے کا وعدہ کیا ، عبداللہ سابق ڈی ائی جی نے کہا کہ مسجدوں کے منبر ومحراب سے بھی ائمہ کے ذریعہ مسلسل اعلان کروایا جائے، محبوب عالم لیڈر بھاگپا ما لے نے کہا کہ ہمیں حالات سے مایوس نہیں ہونا ہے انشاءاللہ اس کانفرنس سے حالات بدلیں گے، مہتاب عالم راجد لیڈر نے کہا کہ پیر موہانی کی مسجد میں مہمانوں کے قیام و طعام کا نظم رکھا گیا ہے، انوار عالم لیڈر راجد نے کہا کہ ہماری پارٹی اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے، مہتاب خان نے کہا کہ آپ حضرات مجھے جو ذمہ داری سپرد کریں گے اس کو نبھائیں گے، مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جب بھی کوئی سازش کی گئی ، امارت شرعیہ نے کھل کر اس کی مخالفت کی ماضی کی تاریخ اس کی شاہد عدل ہے، کانفرنس کے کنوینر مولانا احمد حسین قاسمی نے اب تک کی تیاریوں کا جائزہ پیش کیا اور مندوبین کا شکریہ ادا کیا، اس میٹنگ میں امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی محمد ثنا ءالہدی قاسمی ،مولانا انور حسین قاسمی قاضی شریعت رانچی ،مولانا محمد سہیل اختر قاسمی نائب قاضی شریعت ، سمیع الحق وغیرہ کے علاوہ متعدد سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ،مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نے میٹنگ نظامت اور پوری خوش اسلوبی سے انجام دی ،آخر میں یہ نشست امیر شریعت کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔
