International

شمالی لبنان پراسرائیلی بمباری میں ہلاکتیں

59views

حزب اللہ کااسرائیلی نیوی کے اڈے پر میزائل حملہ

بیروت 15 اکتو بر (ایجنسی) لبنان میں صحت عامہ کے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی لبنان کے زغرتا ضلع کے ایطو قصبے پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 18 افراد ہلاک ہوئے اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔یہ حملے کشیدگی بڑھنے کی رفتار میں اضافے کے پس منظر میں ہوئے ہیں۔ پیر کے روز حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے وسطی اسرائیل میں ایک فوجی چھاؤنی کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کے قریب ایک بحری اڈے پر “مخصوص” میزائل حملہ کیا ہے۔حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے “حیفا کے شمال مغرب میں ستیلا مارس نیول بیس پر ایک مخصوص میزائل فائر کیا۔ یہ حملہ چند گھنٹے قبل کیے گئے ایک مہلک حملے کے بعد کیا گیا ہے جس میں کم سے کم چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔حزب اللہ نے پیر کو اعلان کیا کہ اس نے جنوبی لبنان کے سرحدی شہر مارون الراس کے اندر اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے، جہاں اسرائیل نے ستمبر کے آخر سے اپنی “محدود” زمینی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے “جنوبی مارون الراس میں اسرائیلی دشمن کے فوجیوں کے ایک اجتماع کو توپ خانے کے گولوں سے نشانہ بنایا”۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے اسرائیلی فوج کوجنوبی لبنان میں متعدد مقامات پر دراندازی کے دوران پسپا کردیا تھا۔اس سے قبل العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے اطلاع دی تھی کہ حیفا اور اس کے اطراف میں راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے لبنان سے حیفا کی طرف داغے جانے والے ایک میزائل کا پتہ لگایا اور یہ کھلے علاقے میں گراہے۔ جبکہ لبنانی ایجنسی نے ملک کے جنوب میں یحمر الشقیف قصبے اور معروف قصبے پر حملوں کی اطلاع دی ہے۔ اسرائیلی چینل 12 نے لبنان سے الجلیل کی طرف داغے گئے میزائلوں کو روکنے کی رپورٹ جاری کی تاہم ساتھ ہی کہا ہے کہ کچھ میزائل فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دے کراندر داخل ہوئے مگر ویران علاقوں میں گرے ہیں۔اس سے پہلے ہمارے نامہ نگار نے جنوبی لبنان کے علاقے مارکابہ میں حزب اللہ کے ارکان اور اسرائیلی فوج کے درمیان پرتشدد جھڑپوں کی اطلاع دی تھی۔ ہمارے نامہ نگارنے مزید کہا کہ حزب اللہ کے ارکان نے لبنان اور خلہ التفاح سمیت دیگر علاقوں میں اسرائیلی فوج کی دراندازی کی کوششوں کو بھی پسپا کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.