
سمندری طوفان Michaung چنئی کے ساحل سے کوئی 110 کلو میٹر دور ہے اور یہ 10 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ علاقائی موسمیات محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے بتایا ہے کہ سمندری طوفان کے شمال مغرب کی سمت بڑھنے اور مزید شدت اختیار کرکے آج جنوبی آندھرا پردیش کے مغربی وسطی خلیج بنگال اور اِس سے ملحقہ شمالی تمل ناڈو کے ساحلوں پر پہنچنے کا امکان ہے۔
اِس شدید طوفان کے آندھرا پردیش پہنچنے کے وقت 90 سے لے کر 100 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور مزید شدت اختیار کرکے 110 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا کے تیز جھکڑ چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اِدھر تمل ناڈو میں چنئی، Chengalpet اور Thiruvallur ضلعوں میں کہیں تیز اور کہیں بہت تیز بارش ہورہی ہے۔ چنئی ہوائی اڈہ اور ریل اور میٹرو خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ کسی طرح کے ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے بیشتر مقامات پر بجلی کی سپلائی منقطع کردی گئی ہے۔ روز مرہ کی زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ پوری طرح مستعد ہے اور ضلع کنٹرول روم اور ریاستی نگرانی مراکز کے ذریعہ حالات پر نظر رکھی جارہی ہے۔
