National

جانچ ایجنسیوں نے جن کمپنیوں پر چھاپے مارے بی جے پی نے ان سے چندہ لیا اور کیس بند ہو گیا، یہ ان کی تہذیب ہے: پرینکا گاندھی

101views

سندرنگر: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بدھ کے روز بھی ہماچل پردیش میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتی ہوئی نظر آئیں۔ 29 مئی کو انھوں نے منڈی لوک سبھا حلقہ کے کلو اور سندر نگر میں انتخابی تشہیر کی اور عوام سے کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ اس دوران انھوں نے بی جے پی و مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

اپنے خطاب میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کے سبب ملک میں 45 سالوں مین سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ ملک کا نوجوان بے روزگار ہے، لیکن مودی حکومت اگنی ویر جیسا منصوبہ لے آئی۔ اس منصوبہ کے تحت فوج میں بھرتی ہونے والے جوان چار سال بعد پھر سے بے روزگار ہو جائیں گے۔ اگنی ویر کو شہید ہونے پر نہ شہید کا درجہ ملے گا اور نہ گھر والوں کو شہادت کی پنشن ملے گی۔ کانگریس ’وَن رینک، وَن پنشن‘ لے کر آئی تھی، اسے بی جے پی نے ’وَن رینک، طرح طرح کی پنشن‘ بنا دی۔ مودی حکومت نے فوج میں معذوری پنشن میں بھی تخفیف کر دی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت نے پرانی پنشن دی، لیکن مرکزی حکومت سے ملنے والے پیسے روک دیے گئے تاکہ یہ منصوبہ نافذ نہ ہو سکے۔ حالانکہ سکھو جی نے ریاست میں پرانی پنشن منصوبہ شروع کر رکھا ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے ذریعہ ملک کی ملکیت کھرب پتی دوستوں کو سونپی جا رہی ہے جس سے ملک کو نقصان ہوا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ انہی اداروں سے عوام کو روزگار ملتا تھا۔ آج ہماچل میں کولڈ اسٹوریج اڈانی کو سونپ دیے گئے۔ کسان کا سیب کتنی قیمت پر فروخت ہوگا، یہ آج اڈانی طے کر رہا ہے۔ مودی حکومت نے امریکی سیب پر ٹیکس کم کر دیا اور ہمارے ملک کا کسان آج زراعت کی ہر چیز پر جی ایس ٹی بھر کر ٹیکس کی مار کھا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر یہ بھی کہتی ہیں کہ ہماچل پردیش میں سیاحت کا ایک بڑا کاروبار ہے۔ بی جے پی حکومت نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نافذ کر چھوٹے کاروباروں کو نقصان پہنچایا۔ سیاحت پر کورونا اور جی ایس ٹی کی دوہری مار پڑی۔ کانگریس چاہتی ہے کہ ہماچل میں سیاحت کو مزید فروغ دیا جائے، تاکہ یہاں کی چھوٹی صنعتوں کو مضبوطی ملے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

پرینکا گاندھی نے انتخابی ریلی میں جمع بھیڑ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش میں کانگریس کی حکومت میں خوب ترقیاتی کام ہوئے۔ روہتانگ ٹنل کا سنگ بنیاد میری ماں (سونیا گاندھی) نے رکھا تھا، لیکن بی جے پی حکومت کے ذریعہ ان کا نام ہٹا دیا گیا۔ کانگریس حکومت نے منڈی میں آئی آئی ٹی، سرمور میں آئی آئی ایم، سندر نگر میں میڈیکل کالج اور انجینئرنگ کالج کی تعمیر کی۔

مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہماچل کو قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکز کی مودی حکومت نے اسے قومی آفت قرار نہیں دیا اور کوئی امدادی رقم نہیں دی۔ ایسا اس لیے کیونکہ یہاں کانگریس کی حکومت تھی۔ کانگریس حکومت عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہی، لیکن اس خوفناک آفت میں بی جے پی لیڈران لوگوں کے درمیان نہیں آئے۔ آفت کے کچھ وقت بعد ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت پر حملہ ہوا۔ بی جے پی نے دولت کی بنیاد پر ہماچل کی کانگریس حکومت کو گرانے کے لیے اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی۔

الیکٹورل بانڈ گھوٹالے کو لے کر مودی حکومت کو گھیرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ جانچ ایجنسیوں نے جن کمپنیوں پر چھاپے مارے، ان سے بی جے پی نے چندہ لیا۔ اس کے بعد کیس ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا گیا۔ چھاپے بند ہو گئے۔ یہ ان کی ایمانداری اور تہذیب ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.