نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے شراب پالیسی سے متعلق بدعنوانی کے معاملے میں دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت پر روک لگانے کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ کیجریوال کے وکلاء نے سپریم کورٹ سے کیس کی پیر کو فوری سماعت کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے 21 جون کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کنوینر کی رہائی پر روک لگا دی تھی، جس میں ٹرائل کورٹ کے ضمانت کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سی ایم کیجریوال کی رہائی پر روک لگاتے ہوئے جسٹس سدھیر کمار جین اور رویندر ڈوڈیجا پر مشتمل ہائی کورٹ کی تعطیلاتی بنچ نے ہدایت دی تھی کہ کیس کی مکمل سماعت تک ضمانت کے حکم پر عمل درآمد نہ کیا جائے۔ بعد میں اسی دن دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور کہا تھا کہ دو سے تین دن میں فیصلہ سنایا جائے گا۔
ای ڈی نے جمعرات کو ٹرائل کورٹ سے درخواست کی تھی کہ حکم کے اعلان کے بعد ضمانتی بانڈ پر دستخط کرنے کے لیے اسے 48 گھنٹے کا وقت دیا جائے۔ لیکن، ٹرائل کورٹ نے ای ڈی کی ضمانت دینے کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔