انتخابات کے دوران طاقت اور دولت کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کی مدد لی جائے گی: چیف الیکشن کمشنر
کولکاتا: قومی الیکشن کمیشن نے انتخابات کی نگرانی کے لیے مرکزی ایجنسی کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے منگل کو متعدد مرکزی ایجنسیوں پر مشتمل ایک پورٹل بنانے کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ تمام مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ ایک پورٹل بنایا گیا ہے، جس کا مقصد انتخابات میں مالی بدعنوانی کو روکنا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی قیادت میں ایک فل بنچ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ریاست کے دورے پر تھا ۔ کمیشن نے منگل کو پریس کانفرنس سے پہلے 22 مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق ای ڈی یا محکمہ انکم ٹیکس جیسی مرکزی تفتیشی ایجنسیاں بھی انتخابات میں کالے دھن اور غیر قانونی لین دین کی نگرانی کریں گی۔
کمیشن نے منگل کو سیاسی جماعتوں کے بیانات اور شکایات کی سماعت کی۔ کل جماعتی میٹنگ میں ترنمول کانگریس سمیت کل آٹھ پارٹیوں نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس میں راجیو نے ان تمام شکایات کا تذکرہ کیا جو سیاسی جماعتوں نے کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پیسے کے ساتھ ساتھ غنڈوں کی طاقت کے استعمال کی بھی شکایات درج کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کی جانبداری برتنے سے متعلق بھی شکایت کی گئی ہے ۔کمیشن نے کہا کہ وہ ووٹنگ سے پہلے اور ووٹنگ کے بعد تشدد کو روکنے کی کوشش کریں گے۔ راجیو نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو چھوڑ کر تمام جماعتوں نے اضافی مرکزی فورسز کا مطالبہ کیا ہے۔ انسپکٹرز سے بھی درخواست کی جاتی ہے کہ وہ متحرک رہیں۔
کمیشن نے کہا کہ اس بار ریاست میں 80,000سے زیادہ بوتھوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس بار نئے ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 25 ہزار ہے۔ راجیو نے کہا کہ ریاست کے کم از کم 50 فیصد بوتھوں کی نگرانی کے لیے براہ راست ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ کمیشن کے مطابق عام شہری بھی الیکشن سے متعلق کوئی شکایت ایپ کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔ راجیو نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ اور پرامن انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ انتخاب کو بنگال کا 14واں پروان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ تہوار کے موڈ میں ووٹ دیں۔