نئی دہلی، 30 اکتوبر (یو این آئی) نجی فضائی کمپنی انڈیگو 16 نومبر سے بنگلورو سے ریاض کے لیے پرواز شروع کرے گی۔ ایئرلائن نے جمعرات کے روز بتایا کہ یہ پرواز ہفتے میں پانچ دن — منگل، جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار — کو رات 10:05 بجے بنگلورو سے روانہ ہوگی، جبکہ واپسی کی پرواز مقامی وقت کے مطابق اگلے دن صبح 2:20 بجے ریاض سے اڑے گی۔
انڈیگو کے نیٹ ورک میں جدہ کے بعد ریاض سعودی عرب کا دوسرا شہر ہے جہاں سے بنگلورو کے لیے براہ راست پرواز دستیاب ہوگی۔ ایئرلائن اس روٹ پر اے320 طیارہ چلائے گی۔
انڈیگو کے سیلز ہیڈ ونئے ملہوترا نے کہا کہ سعودی عرب کی راجدھانی اور کاروبار و سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر ریاض انڈیگو کے لیے نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔ یہ انڈیگو کی ریاض کے لیے چوتھی نان اسٹاپ پرواز ہوگی۔ کمپنی پہلے ہی دہلی، ممبئی اور حیدرآباد سے ریاض کے لیے خدمات فراہم کر رہی ہے۔
