National

بہارکے بھاگلپور میں بم دھماکہ: سات بچے زخمی ، تین کی حالت نازک

12views

بھاگلپور، یکم اکتوبر (ہ س)۔ بہار میں بھاگلپور ضلع کے حبیب پور تھانہ علاقہ کے شاہ جنگی میدان میں منگل کے روز سہ پہر ہوئے بم دھماکہ کے واقعے میں سات بچے زخمی ہو گئے ہیں۔ تین شدید زخمی بچوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں محمد ارشاد کے دو بیٹے منو ، گولو اور ہارون ولد محمد عبدالستار کی حالت تشویشناک ہے۔ دیگر زخمیوں میں محمد شکیب ، محمد ساحل ولد محمد سجاد ، عارف ولد محمد ا?فتاب اور ثمر شامل ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر افراتفری کا ماحول ہے۔ زخمی منو کی والدہ رخسار نے بتایا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ بم کیسے پھٹا۔ آواز سن کر ہم لوگ گھر سے باہر آئے تو دیکھا کہ میرا بچہ خون میں لت پت پڑا ہے۔ بہت زور دار دھماکہ ہوا۔ میں اپنے دو بچوں کے ساتھ اسپتال پہنچی۔ تمام بچے شاہجنگی گراؤنڈ میں کھیل رہے تھے۔ کھیل کے دوران دھماکہ ہوا۔ دوسری جانب واقعہ کی اطلاع ملتے ہی حبیب پور تھانہ انچارج پنکج راوت ، سٹی ایس پی اور ڈی ایس پی 2 راکیش کمار موقع پر پہنچے اور معاملے کی جانچ شروع کردی۔ ایف ایس ایل کی ٹیم کو موقع پر طلب کر لیا گیا ہے۔ دھماکے کے پیچھے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ زخمی بچوں نے بتایا کہ کھیلنے کے دوران راجا ہاتھ میں کچھ لے کر آیا تھا۔ جس کے ساتھ وہ کھیل رہے تھے۔ اس کے ہاتھ سے گرتے ہی پھٹ گئی۔ انٹیلی جنس ایجنسی آئی بی کی ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم بھی موقع پر موجود ہے۔ واقعہ کے بارے میں بھاگلپور کے ایس ایس پی ا?نند کمار نے کہا کہ سٹی ایس پی کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ سے کئی مشکوک اشیاء کو اکٹھا کیا گیا ہے۔ ایف ایس ایل ٹیم کی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ بم کتنا طاقتور تھا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ اب تک سات بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پولیس اپنا کام کر رہی ہے۔ بم کہاں سے آیا اور کون لایا اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.