ہومJharkhandریاستی وزیر زراعت نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس میں 40 پروسیسنگ...

ریاستی وزیر زراعت نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس میں 40 پروسیسنگ یونٹس تقسیم کی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

زرعی پروسیسنگ یونٹس کے ذریعے خواتین کو خود کفیل بنانے کا عزم

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 07؍ مئی: مانڈر بلاک کمپلیکس میں آج زراعت، حیوانات اور تعاون کی وزیر محترمہ نیہا شلپی ترکی کے دست مبارک سے ویج فیڈ (VEGFED) کے ذریعے سیلف ہیلپ گروپس اور پرائمری کوآپریٹو سوسائٹیوں کے درمیان گندم کی پروسیسنگ مشینوں اور منی رائس ملوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ پروگرام کے تحت کل 40 پروسیسنگ یونٹس تقسیم کیے گئے۔ اسی موقع پر قدرتی آفات اور حادثات سے متاثرہ 65 مستفیدین کے درمیان کل 17 لاکھ 24 ہزار روپے کی امدادی رقم کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ یہ محض مشینوں کی تقسیم نہیں ہے، بلکہ دیہی خواتین کو خود کفیل، بااختیار اور اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کی سمت میں ریاستی حکومت کی ایک اہم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب خواتین خود کفیل بنتی ہیں، تو خاندان، معاشرہ اور دیہی معیشت تینوں مضبوط ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، آسمانی بجلی گرنے، سڑک حادثات اور دیگر مصائب سے متاثرہ خاندانوں کے درمیان امدادی رقم تقسیم کرنا ایک حساس حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ریاستی حکومت کا مقصد صرف منصوبے بنانا نہیں، بلکہ ضرورت مند لوگوں تک بروقت امداد پہنچانا ہے، تاکہ بحران زدہ خاندانوں کو سہارا مل سکے۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں، خواتین اور دیہی خاندانوں کی اقتصادی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ آج کئی کسان گروپ بنا کر آبی ذخائر میں کیج (Cage) کے ذریعے ماہی پروری کر کے لاکھوں روپے کی آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گائے، بکری، مرغی اور بھیڑ پالنے کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، تاکہ کسانوں کی آمدنی کے اضافی ذرائع پیدا ہو سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ کم پانی میں ہونے والی مڑوا (راگی) کی کاشت کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت کی جانب سے 3000 روپے فی ایکڑ ترغیبی رقم فراہم کی جا رہی ہے، جس سے ریاست کے کئی کسان فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ کسانوں اور دیہی خاندانوں کے مفاد میں محکمہ کی جانب سے متعدد اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ بیدار ہو کر ان سکیموں سے جڑیں اور آگے بڑھیں۔ پروگرام کے دوران یہ بھی کہا گیا کہ ریاستی حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ ا سکیموں کا فائدہ براہ راست دیہی علاقوں میں کام کرنے والے سیلف ہیلپ گروپس اور کسانوں تک پہنچے۔ اسی مقصد کے تحت زراعت پر مبنی پروسیسنگ یونٹس کو نچلی سطح تک پہنچایا جا رہا ہے۔اس پہل سے سیلف ہیلپ گروپس کو مقامی سطح پر زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ کی سہولت ملے گی، جس سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، خود کفالت کو تقویت ملے گی اور زرعی سپلائی چین مزید مستحکم ہوگی۔ یہ پہل خاص طور پر قبائلی علاقوں میں زراعت پر مبنی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔اس موقع پر خاص طور پر ویج فیڈ کے ایم ڈی ابھینو مشرا، سرکل آفیسر چنچلا کماری، ڈی پی ایم ابھیشیک چاند، پرمکھ فلپ سہائے ایکا، منگا اراؤں، سیروفینا منج، سریتا ٹگا، عابد انصاری، اسروز، آزاد انصاری، بنود، بندھو ٹوپو، تبارک خان، بیلس ٹوپو، ارجن مہتو، رام ولاس ٹوپو وغیرہ موجود تھے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.