ہومBlogاتحاد مضبوط کرو، تفرقہ مٹاؤ : ممتا کا نیا نعرہ

اتحاد مضبوط کرو، تفرقہ مٹاؤ : ممتا کا نیا نعرہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ایس آئی آر کے خلاف عوامی بیداری مہم، خود لکھے گانے سے دیا پیغام

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:ریاستی سیاست میں ایک بار پھر گیت، احتجاج اور سیاست کا سنگم نظر آ رہا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے ایک نیا نعرہ دیا ہے ۔اتحاد مضبوط کرو ، تفرقہ مٹاؤ۔یہ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ بی جے پی کے مبینہ منصوبے کے خلاف عوامی اتحاد کا اعلان ہے۔ ممتا بنرجی نے پیر کی سہ پہر اپنے X (ٹوئٹر) ہینڈل پر ایک گانا شیئر کیا، جو انہوں نے خود لکھا اور کمپوز کیا ہے۔ اس گانے کو معروف گلوکار اندرنیل سین نے اپنی آواز دی ہے۔
گانے کا مرکزی پیغام ہے اتحاد قائم رکھو، ایک ہو کر لڑو!ممتا بنرجی نے واضح طور پر کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ “بنگال کے لوگ اپنے حقوق کے دفاع میں ایک ساتھ کھڑے ہوں”۔ ان کا کہنا ہے کہ SIR کے نام پر بی جے پی عوام کو تقسیم کرنے اور ووٹر لسٹ سے جائز نام ہٹانے کی سازش کر رہی ہے۔ ترنمول کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ 4 نومبر سے ریاست بھر میں احتجاجی مہم شروع ہوگی۔
اس روز ممتا بنرجی اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی خود سڑکوں پر اتریں گے۔ جلوس دھرمتلا میں گاندھی مجسمہ کے دامن سے شروع ہوگا اور ٹھاکر باڑی (جوڑاسانکو) تک جائے گا۔پارٹی کے ایم ایل ایز، کونسلرز اور کارکنان ہاتھ جوڑ کر عوام سے اپیل کریں گے کہ وہ بی جے پی کی “سازش” کے خلاف متحد رہیں۔ اسی دن ترنمول 6200 ہیلپ ڈیسک مراکز بھی کھول رہی ہے جو پورے ایک ماہ تک کام کریں گے۔ ان مراکز پر عوام کو SIR فارم بھرنے، دستاویزات جمع کرانے اور کسی بھی شکایت میں مدد فراہم کی جائے گی۔ پارٹی کا مقصد واضح ہے ۔کوئی جائز ووٹر اپنی شناخت سے محروم نہ ہو۔ ترنمول کے ذرائع کے مطابق جلوس کے اختتام پر ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی عوام کو ایک اہم سیاسی پیغام بھی دے سکتے ہیں، جس میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی جائے گی۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی نے اپنے گانے کے ذریعے احتجاجی تحریک میں ثقافتی رنگ شامل کر دیا ہے، جس سے ترنمول کی عوامی مہم کو مزید جوش مل سکتا ہے۔ریاست میں انتخابات قریب ہیں، اور ایس آئی آر کے معاملے پر یہ نیا عوامی موڈ بی جے پی کے لیے سیاسی چیلنج بن سکتا ہے۔ممتا بنرجی کا اتحاد مضبوط کرو ، تفرقہ مٹاؤ۔ گانا صرف ایک سیاسی ترانہ نہیں، بلکہ بنگال کی سیاست میں ایک نئی تحریک کا آغاز ہے ۔ عوامی اتحاد، ثقافتی مزاحمت اور بی جے پی کے خلاف سیاسی عزم کی علامت۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version