کولمبو، 28 جون (یو این آئی) پربھات جے سوریا (پانچ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن ہفتہ کو ایک اننگز اور 78 رن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی۔آج ایس ایس سی گراؤنڈ میں بنگلہ دیش نے چھ وکٹ پر 117 رنوں سے کھیلنا شروع کیا اور اس وقت وہ دوسری اننگز میں سری لنکا کے اسکور سے 94 رنز پیچھے تھی۔ جے سوریا نے لٹن کمار داس (14) کو وکٹ کیپر کوسل مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر دن کا پہلا شکار کیا۔ اس کے بعد جے سوریا نے نعیم حسن (پانچ) کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپڈ کروایا۔ کندھے کی تکلیف کے سبب تیسرے دن میدان سے باہر رہنے کے بعد وکٹ کیپر مینڈس نے اسٹمپ کے پیچھے اہم کردار ادا کیا۔ تیج الاسلام چھ اور عبادت حسین چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش نے صبح کے سیشن میں صرف 16 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔ سری لنکا کی گیند بازوں نے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 44.2 اوورز میں 133 رنز پر آؤٹ کر دی اور میچ ایک اننگز اور 78 رنز سے جیت لیا۔ اس فتح نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ تاریخ میں سری لنکا کی نویں اننگز کی جیت کی نشاندہی کی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں انہیں قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔ اس کے ساتھ سری لنکا نے دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔سری لنکا کے بائیں ہاتھ کے اسپنر پربھات جے سوریا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 56 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 12ویں مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ دھننجے ڈی سلوا اور تھرندو رتنائیکے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی ایک اور بڑی کامیابی یہ تھی کہ اس نے دوسری اننگز میں کوئی ایکسٹرا نہیں دیا۔ سری لنکا نے پہلی اننگز میں پاتھم نسانکا کی 158 رنز کی سنچری، دنیش چندیمل کی 93 رنز کی نصف سنچری اور کوسل مینڈس کی 84 رنز کی نصف سنچری کی مدد سے 458 رنز بنائے۔اس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 247 رنز اور دوسری اننگز میں 133 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
