فائرنگ میں پتراتو تھانہ انچارج بھی زخمی ہوئے
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ، 06 اپریل :۔ رام گڑھ ضلع میں راہل دوبے گینگ کے خلاف پولیس کی سخت ہوتی گرفت نے بدمعاشوں میں کھلبلی پیدا کر دی ہے۔ پیر کی صبح رام گڑھ پولیس اور راہل دوبے گینگ کے بدمعاشوں کے درمیان ہونے والے انکاؤنٹر میں ایک اور شاطر بدمعاش پکڑا گیا ہے۔ رام گڑھ کے ایس پی اجے کمار نے انکاؤنٹر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ راہل دوبے گینگ کے شاطر بدمعاش سنی سنگھ کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے۔ اسے بہتر علاج کے لیے رمز میں داخل کرایا گیا ہے۔ سنی سنگھ ہزاری باغ ضلع کے گدی تھانہ علاقے کے تحت ریلی گڑھا کا رہنے والا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے دو پستول، کارتوس، تھیلے اور دیگر اشیا برآمد کی ہیں۔
بھور کنڈا دوموڑپر بدمعاشوں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی
پیر کی صبح، پتراتو، بھور کنڈا، اور بھدانی نگر پولیس بھور کنڈا او پی علاقے میں دو موہنی پل کے قریب گشت کر رہی تھی۔ اس دوران ایک واردات کو انجام دینے پہنچے سنی سنگھ اور اس کے ساتھیوں نے پولیس کی گاڑی پر ہی فائرنگ کردی۔
پتراتو تھانہ انچارج بھی زخمی ہو گئے
رام گڑھ کے ایس پی اجے کمار نے بتایا کہ پتراتو تھانے کے انچارج شیو لال پرساد گپتا بھی بدمعاشوں کی فائرنگ میں زخمی ہوگئے۔ اسپتال میں ان کا علاج بھی کیا گیا ہے۔ تصادم کے بعد پولیس نے پورے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
