وقت کی پابندی پر زور؛ لاپرواہی برداشت نہیں، تعمیراتی ایجنسی کو سخت وارننگ
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،16؍جنوری: چترا کالج کیمپس میں زیر تعمیر ضلع لائبریری کی عمارت کا ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کریتی شری نے جمعہ کو اچانک معائنہ کیا۔ ان کے ساتھ ڈی ڈی سی امریندر کمار سنہا اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈی سی نے بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کے ذریعے کرائے جا رہے کام کی پیشرفت اور معیار کا جائزہ لیا۔معائنے کے دوران ڈی سی نے واضح ہدایت دی کہ لائبریری کی عمارت مفاد عامہ سے وابستہ ایک اہم منصوبہ ہے، اس لیے کسی بھی سطح پر لاپرواہی یا معیار پر سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے تعمیراتی ایجنسی کو کام کا معیار برقرار رکھتے ہوئے مقررہ وقت کے اندر عمارت کی تعمیر مکمل کرنے کو کہا، تاکہ ضلع کے طلباء و طالبات، مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں اور عام شہریوں کو جدید لائبریری کی سہولت جلد فراہم کی جا سکے۔ڈی سی نے افسران کو باقاعدگی سے سائٹ کا معائنہ کرنے اور پیشرفت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی اور وارننگ دی کہ تاخیر یا سستی کی صورت میں کارروائی یقینی ہے۔ معائنے کے دوران تکنیکی نکات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائبریری کی عمارت تیار ہوتے ہی مطالعہ اور تحقیق کے لیے ضلع میں ایک نیا تعلیمی مرکز قائم ہو جائے گا۔
