نتیش کی ’’سمردھی یاترا‘‘ سے وکست بہار کے تصور کو ملے گی نئی جہت: اُمیش کشواہا
پٹنہ، 15 جنوری (یو این آئی): بہار جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے صدر اُمیش سنگھ کشواہا نے جمعرات کو کہا کہ 16 جنوری سے شروع ہونے والی وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ’’سمردھی یاترا‘‘ ترقی کے روڈ میپ کو عملی شکل دینے کے ساتھ ساتھ ایک وکست بہار کے تصور کو نئی جہت فراہم کرے گی۔
مسٹر کشواہا نے کہا کہ اس یاترا کے دوران وزیر اعلیٰ مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور پورے بہار میں سفر کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر کمار اپنی پرگتی یاترا کے تحت چل رہے ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سات نشچئے سمیت دیگر اہم اسکیموں کا موقع پر معائنہ اور جائزہ لیں گے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
جے ڈی یو کے صدر نے کہا کہ سال 2005 سے 2026 کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار اب تک 15 ریاست گیر یاترائیں مکمل کر چکے ہیں اور 16 جنوری سے ان کی 16ویں ریاست گیر یاترا کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ یاتراؤں کا یہ طویل سلسلہ مسٹر کمار کے عوامی خدمت کے تئیں غیر متزلزل عزم اور عوام کے ساتھ ان کی ایماندار وابستگی کا ثبوت ہے۔ سماجی انصاف کے ساتھ ہمہ جہت ترقی ان کی سب سے بڑی ترجیح رہی ہے اور اسی سوچ کے تحت وہ گزشتہ دو دہائیوں سے مسلسل عوام کے مفاد میں کام کرتے آ رہے ہیں۔
