پٹنہ، 10 مارچ (یو این آئی): بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے استھواں اور سوریہ گڑھ کے سابق ایم ایل اے ستیش کمار کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے تعزیتی پیغام میں ستیش کمار کو ایک نہایت قابل سیاست دان اور مخلص سماجی کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ریاست کے سیاسی اور سماجی میدان میں ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جس کا پر ہونا مشکل ہے اور یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ستیش کمار نے اپنی سیاسی زندگی کے دوران استھواں اور سوریہ گڑھ کے علاقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ان کا جڑا و ہمیشہ زمین سے جڑے لوگوں کے ساتھ رہا۔ وزیر اعلیٰ نے ستیش کمار کی عوامی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سادہ زندگی اور سماجی کاموں کے تئیں لگن آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال رہے گی۔ انہوں نے بھگوان سے دعا کی کہ متوفی کی روح کو ابدی سکون اور جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اس دکھ کی گھڑی میں ان کے پسماندگان اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ اور مصیبت برداشت کرنے کا حوصلہ اور ہمت دے۔ ستیش کمار کے انتقال کی خبر سے پورے سیاسی حلقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست اس دکھ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ستیش کمار کی سیاسی بصیرت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
