صحت کے نظام کو مضبوط بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح : ڈی سی
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،22؍نومبر: چترا میں ضلع کی صحت خدمات کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے مقصد سے سول سرجن دفتر کے میٹنگ ہال میں ڈپٹی کمشنر کریتی شری کی صدارت میں صحت محکمے کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں PM-ABHIM، 15ویں مالیاتی کمیشن، نیشنل ہیلتھ مشن، ادارہ جاتی زچگی، معمول کے ٹیکہ کاری، آیوشمان بھارت کارڈ، ایمبولینس خدمات، کایاکلپ اسیسمنٹ اور اسپتال انتظامیہ سمیت تمام اہم نکات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں مختلف پروگراموں کی تازہ پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ ڈی سی نے واضح کیا کہ صحت ایسا شعبہ ہے جہاں معمولی کوتاہی بھی عوام کی زندگیوں کو متاثر کرتی ہے، اس لیے افسران اور طبی اسٹاف کو تیز، شفاف اور حساس طرزِ عمل اپنانا ہوگا۔ ادارہ جاتی زچگی کے جائزے میں انہوں نے آشا، اے این ایم اور سی ایچ او کی سطح پر نگرانی کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی، اور کہا کہ ہائی رسک حاملہ خواتین کی فوری شناخت اور مناسب مراکز کو رَیفرل یقینی بنایا جائے۔معمول کے ٹیکہ کاری پر گفتگو کے دوران ڈی سی نے صد فیصد اہداف کے حصول پر زور دیتے ہوئے زیرو ڈوز بچوں اور پسماندہ علاقوں میں ٹیموں کی نگرانی مزید سخت کرنے کی ہدایت دی۔ ایمبولینس خدمات، خصوصاً 108 اور 104 کے غیر اطمینان بخش رسپانس پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے گاڑیوں کی فوری مرمت اور ضلعی کال سینٹر کے قیام کا اعلان کیا۔آیوشمان بھارت کارڈ کی تیاری اور تقسیم کی سست رفتار پر بھی تشویش ظاہر کی گئی اور اسپتالوں میں بہتر کاؤنٹر انتظام کی ہدایت دی گئی۔ صدر اسپتال میں کایاکلپ کے دوران سامنے آئی خامیوں پر ڈی سی نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کی سہولت میں فوری بہتری کا حکم دیا۔ڈی ایم ایف ٹی کے تحت نئے ڈاکٹروں کی کارکردگی، سہیا کی کارکردگی رپورٹ، اور RBSK کے تحت بچوں کے علاج کے لیے ماہانہ کیمپ منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
