وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نےگہرے دکھ کا اظہار کیا
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ،22 اپریل : بہار کے ضلع بھاگلپور میں سیپٹک ٹینک کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے تین مزدوروں کی موت ہوگئی۔ حکام نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ حکام نے بتایا کہ ضلع کے کدوہ تھانہ علاقہ میں صفائی کے لیے سیپٹک ٹینک میں اترے تین مزدور زہریلی گیس کی زد میں آ گئے، جنہیں بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ذرائع نے بتایا کہ گھر کے مالک نے دیگر لوگوں کے تعاون سے ٹینک کی دیوار کو تڑوایا اور بے ہوشی کی حالت میں تینوں مزدوروں کو نوگچھیا سب ڈویژنل ہسپتال میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق متوفین کی شناخت لکشمنیہ گاؤں کے رہنے والے بم بم منڈل، لال منڈل اور جن نندن منڈل کے طور پر کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس سے پوری انتظامیہ سکتے میں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متوفین کے ورثاء کو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ امدادی رقم کی ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔
