کسانوں کو معاشی مضبوطی ملے گی : امیش سنگھ کشواہا
پٹنہ، 26 نومبر (یواین آئی) بہار جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے صدر امیش سنگھ کشواہا نے بدھ کو کہا کہ چینی ملوں کے احیاءسے کسانوں کو معاشی مضبوطی ملے گی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔مسٹر کشواہا نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نتیش حکومت کی جانب سے 9 پرانی چینی ملوں کے احیاءاور 25 نئی چینی ملیں مرحلہ وار طریقے سے قائم کرنے کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم منصوبے کے لیے پالیسی سازی اور تفصیلی عملی خاکہ تیار کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ کام تیزی اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔جے ڈی یو کے صوبائی صدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی یہ بامقصد پہل بہار کی معاشی ترقی کو نئی رفتار دے گی۔ اس سے صنعتی انقلاب کی نئی راہ ہموار ہوگی۔ کسانوں کو براہ راست فائدہ ملے گا اور صوبے کے نوجوانوں کے لیے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔مسٹر کشواہا نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بہار کو ”چینی کا کٹورا“ کہا جاتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی قریب 40 فیصدی چینی کی پیداوار بہار میں ہوتی تھی، لیکن کانگریس۔راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی حکومتوں کی بے عملی اور ناکامیوں کے باعث ایک کے بعد ایک چینی ملیں بند ہوتی گئیں۔جے ڈی یو صدر نے کہا کہ چینی پیداوار کے شعبے میں بہار اپنی پرانی شناخت دوبارہ حاصل کرنے کی سمت مضبوطی سے آگے بڑھ رہا ہے اور آنے والے برسوں میں اس کا مثبت اثر واضح طور پر نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نتیش کمارکا طریقہ کار ہمیشہ ایسا رہا ہے کہ وہ جو کہتے ہیں اسے پورا بھی کرتے ہیں اس لیے چینی ملوں کے سلسلے میں ان کا یہ عزم بھی ضرور شرمندۂ تعبیر ہوگا۔
