سرکاری اسکیمیں صرف کاغذوں تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ زمین پر ان کے حقیقی فوائد کا جائزہ لینا نہایت ضروری ہے:ڈیایم ورشا سنگھ
حاجی پور:ضلع مجسٹریٹ ویشالی محترمہ ورشا سنگھ نے مہنار بلاک کے تحت پنچایت مہندوارا اور سرمست پور کے مختلف آنگن واڑی مراکز،عوامی تقسیم نظام (پی ڈی ایس) کی دکانوں،اسکولوں اور خوراک و بیج کے اداروں کا خصوصی اچانک معائنہ کیا۔اس معائنے کا مقصد زمینی سطح پر سرکاری اسکیموں کے مؤثر نفاذ، خدمات کے معیار اور انتظامی شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔معائنے کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے پرائمری اسکول سمراچک فاطمہ کا بھی جائزہ لیا۔اسکول پہنچتے ہی ضلع مجسٹریٹ بچوں میں گھل مل گئیں اور ایک استاد کے کردار میں نظر آئیں۔انہوں نے بچوں سے ان کی تعلیم کے بارے میں بات چیت کی۔ان کی سمجھ کا جائزہ لیا اور خود انہیں پڑھا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ضلع مجسٹریٹ کے اس سادہ اور محبت بھرے رویے سے بچے نہایت خوش اور پُرجوش نظر آئے۔
معائنے کا سب سے جذباتی اور متاثر کن لمحہ اس وقت آیا جب ضلع مجسٹریٹ محترمہ ورشا سنگھ بچوں کے ساتھ زمین پر بیٹھیں اور مڈ ڈے میل کے معیار کی خود جانچ کی۔انہوں نے بچوں کے ساتھ ایک ہی سطح پر بیٹھ کر کھانا چکھا اور اس کے معیار،ذائقے،صفائی اور غذائیت کا سنجیدگی سے جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے بچوں سے کھانے کی باقاعدگی، مقدار اور پسند کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔یہ منظر انتظامیہ کی حساسیت اور انسانی نقطۂ نظر کی ایک مضبوط مثال تھا، جہاں ایک اعلیٰ افسر نے بچوں کی غذائیت اور صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ سرکاری اسکیمیں صرف کاغذوں تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ زمین پر ان کے حقیقی فوائد کا جائزہ لینا نہایت ضروری ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت بچوں کو صاف، غذائیت سے بھرپور اور معیاری کھانا فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
