وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 90 ویں سالگرہ کی علامت کے طور پر جلائے 90 دیئے
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ،4 جنوری: بہار کے سابق وزیر صحت، کھگڑیا کے سابق رکن پارلیمنٹ اور سمتا پارٹی کے بانی و سینئر سیاست داں شکونی چودھری کی 90 ویں سالگرہ دارالحکومت پٹنہ میں منائی گئی۔ 5-دیش رتن مارگ پر واقع رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور چودھری کی درازی عمر کے لیے دعا کی۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی شکونی چودھری کو سالگرہ کی مبارکباد دینے پہنچے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے 90 ویں سالگرہ کی علامت کے طور پر 90 دیئے روشن کر کے تقریب کا آغاز کیا۔ اس کے ساتھ ہی 90 ناریل پھوڑے گئے اور امن و آشتی کا پیغام دینے کے لیے 90 کبوتر بھی اڑائے گئے۔تقریب میں بہار حکومت کے کئی وزراء، ریاست کے مختلف لوک سبھا حلقوں کے اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، اراکین قانون ساز کونسل اور بھارتیہ جنتا پارٹی سمیت این ڈی اے کے لیڈران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے اپنے والد اور بہار کی سیاست کے سینئر ستون شکونی چودھری کی طویل عمر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ خدا اور عوام کے آشیرواد سے وہ سو سال سے بھی زیادہ جئیں گے، یہ ہم سب کے لیے خوش قسمتی کا لمحہ ہوگا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے والد نے پہلے ملک کی خدمت کے لیے فوج میں تعاون دیا اور اس کے بعد سیاست میں آکر دہائیوں تک بہار کی خدمت کی۔ آج بھی ان کا تجربہ اور رہنمائی ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آگے بھی سالہا سال ان کی محبت، دعائیں، تجربہ اور رہنمائی ملتی رہے، یہی خدا سے دعا ہے۔
