ہومBihar’علم سے پیداوار اور پیداوار سے خوشحالی‘

’علم سے پیداوار اور پیداوار سے خوشحالی‘

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

وزیر زراعت نے کسانوں کے لیے بین ریاستی تربیتی پروگرام کا کیا آغاز

جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 19 جنوری: رام کرپال یادو، وزیر زراعت بہار نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کی آمدنی میں مسلسل اضافے، زراعت کی جدید کاری اور دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ پہل وزیراعظم کے “کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے”، خود کفیل بھارت اور قدرتی و پائیدار زراعت کے وژن اور وزیراعلیٰ کے خود کفیل بہار اور زراعت پر مبنی ہمہ گیر ترقی کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں ایک ٹھوس قدم ہے۔ اسی مقصد کے لیے محکمہ زراعت بہار کے تحت زرعی ٹیکنالوجی مینجمنٹ ایجنسی (آتما)، جموئی کی جانب سے کسانوں کے لیے ایک اہم بین ریاستی تربیت اور مطالعاتی دورے کا پروگرام چلایا جا رہا ہے۔وزیر زراعت نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے قدرتی کھیتی اور ماحولیاتی تحفظ کے وژن اور وزیراعلیٰ کے کسانوں کو تکنیکی طور پر بااختیار بنانے کے عزم کے مطابق جنوری 2026 میں دو مزید خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ 19 جنوری سے 20 کسانوں کا ایک گروپ ICAR-IARI ہزاری باغ میں 5 روزہ قدرتی کھیتی کی تربیت حاصل کرے گا، جس سے کیمیکل سے پاک کھیتی اور مٹی کی صحت کو فروغ ملے گا۔ وہیں 31 جنوری کو 20 کسانوں کا ایک اور گروپ سینٹرل انسٹی ٹیوٹ فار سب ٹراپیکل ہارٹیکلچر، لکھنؤ جائے گا، جہاں پھلوں کے پرانے باغات کی سائنسی بحالی کی تکنیکوں کی تربیت دی جائے گی تاکہ باغبانی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہو سکے۔اب تک بکریوں کی جدید افزائش نسل کے لیے 20 کسانوں کے گروپ نے ICAR- سینٹرل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ آن گوٹس، مخدوم، متھرا میں 3 روزہ تربیتی دورہ مکمل کیا ہے، جہاں انہیں بکریوں کی بہتر نسلوں، غذائی انتظام اور صحت کی دیکھ بھال کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ اسی طرح سبزیوں کی پیداوار کو مزید منافع بخش بنانے کے مقصد سے 20 کسانوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ویجیٹیبل ریسرچ، وارانسی میں 5 روزہ تربیت حاصل کی، جس میں ملچنگ ٹیکنالوجی، بہتر بیجوں کے انتخاب اور پیداوار کے سائنسی طریقوں پر خصوصی زور دیا گیا۔ دالوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے 20 کسانوں کے گروپ کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پلسز ریسرچ، کانپور کا 3 روزہ تعلیمی دورہ کرایا گیا۔وزیر موصوف نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ضلع جموئی کے منتخب ترقی پسند کسانوں کو ملک کے معتبر زرعی تحقیقی اور تربیتی اداروں میں بھیجا جا رہا ہے، تاکہ وہ جدید، سائنسی اور اختراع پر مبنی زرعی تکنیکیں براہِ راست سیکھ سکیں۔ تربیت حاصل کر کے واپسی کے بعد یہ کسان اپنے علاقے کے دیگر کسانوں کے لیے مشعلِ راہ بنیں گے اور جدید کھیتی کو فروغ دیں گے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ پروگرام وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق “علم سے پیداوار اور پیداوار سے خوشحالی” کے تصور کو شرمندہ تعبیر کرے گا۔ اس سے ریاست کی زرعی معیشت کو مضبوطی ملے گی اور کسان کم لاگت میں زیادہ آمدنی حاصل کر کے خود کفالت کی جانب تیزی سے گامزن ہوں گے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version