ہومBiharبہار میں اقتدار کی تبدیلی کی تیاریاں مکمل

بہار میں اقتدار کی تبدیلی کی تیاریاں مکمل

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

15 اپریل کو نئے وزیر اعلیٰ کی ہوگی حلف برداری

پٹنہ، 13 اپریل : ریاست بہار کی سیاست میں جاری ہلچل اب اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 15 اپریل کو بہار میں نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔ جس کے لیے راج بھون سے لے کر تمام پارٹی دفاتر تک تیاریاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں۔ پیر کی صبح وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی رہائش گاہ پر ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ۔جس میں جے ڈی یو کے سینئر لیڈران بشمول سنجے جھا، للن سنگھ، بجیندر یادو اور زماں خان نے شرکت کی جہاں 14 اپریل کو ہونے والی این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ اور جے ڈی یو کے کوٹے سے بننے والے وزراء کے ناموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ کے فوراً بعد صوبائی وزیر زماں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ 15 اپریل کو ہی نئی حکومت حلف لے گی اور اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔سیاسی جوڑ توڑ کے اس مرحلے میں جے ڈی یو کے لیڈران نے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی رہائش گاہ پر جا کر بی جے پی قیادت سے بھی ملاقات کی تاکہ نئی کابینہ کی تشکیل اور محکموں کی تقسیم کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔ جے ڈی یو کی جانب سے یہ اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے نام کا حتمی فیصلہ بی جے پی کو ہی کرنا ہے اور پارٹی قیادت اس فیصلے کو قبول کرے گی۔ دوسری جانب پٹنہ میں سیکورٹی کے انتظامات کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے کیونکہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی منگل کی شام پٹنہ پہنچ سکتے ہیں اور لوک بھون میں قیام کے بعد 15 اپریل کو حلف برداری کی تاریخی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پٹنہ کے ڈی ایم تیاگ راجن ایس ایم نے بھی گورنر سے ملاقات کر کے تقریب کے حوالے سے انتظامی پروٹوکول پر تبادلہ خیال کیا ہے۔منگل 14 اپریل کا دن بہار کی سیاست کے لیے انتہائی فیصلہ کن ثابت ہوگا کیونکہ صبح 11 بجے نتیش کمار کی صدارت میں کابینہ کی آخری میٹنگ ہوگی جس میں کئی اہم ایجنڈوں پر مہر لگائی جائے گی اور اس کے بعد بی جے پی قانون ساز پارٹی اپنے نئے لیڈر کا انتخاب کرے گی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراؤگی نے یقین دلایا ہے کہ تمام عمل طے شدہ منصوبے کے مطابق چل رہا ہے اور این ڈی اے کے تمام اراکین اسمبلی بی جے پی کے طے کردہ چہرے پر اپنی منظوری دیں گے۔ اس طرح بہار میں ایک نئے سیاسی باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس پر پورے ملک کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.