بہار میں 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی: سمراٹ چودھری
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 26 مارچ: بہار کے نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعرات کو پٹنہ کے باپو سبھاگار میں ‘سمردھی یاترا ‘ کی اختتامی تقریب کے موقع پر ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور این ڈی اے حکومت کی کامیابیوں کا تفصیلی نقشہ پیش کرتے ہوئے بدلتے ہوئے بہار کی ایک خوش آئند تصویر پیش کی۔اپنے خطاب کے دوران نائب وزیراعلیٰ نے اعداد و شمار کے ذریعے ریاست کی ترقی کا موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2005 سے پہلے بہار میں سڑکوں کا جال صرف 6 ہزار کلومیٹر تک محدود تھا، جو اب این ڈی اے حکومت کی کوششوں سے بڑھ کر 1 لاکھ 40 ہزار کلومیٹر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے بجلی کے شعبے میں ہونے والی انقلابی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی تعداد 17 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 16 لاکھ ہو گئی ہے۔سمراٹ چودھری نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی 125 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کی اسکیم سے ریاست کے 88 فیصد خاندانوں کا بجلی کا بل اب صفر آ رہا ہے، جبکہ اب ریاست بھر میں 23 سے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے پٹنہ کے گنگا پتھ (میرین ڈرائیو) کو بہار کی ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے دیکھنے کے لیے اب ملک بھر سے لوگ آ رہے ہیں۔ آج ‘سمراٹ اشوک جینتی ‘ کے پروقار موقع پر انہوں نے عظیم حکمران کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سمراٹ اشوک نے ہندوستان کو سنہرا دور دیا اور ‘اکھنڈ بھارت ‘ کا خواب پورا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘نیائے یاترا ‘ سے شروع ہونے والا یہ سفر اب ‘سمردھی یاترا ‘ کی شکل میں ریاست میں ترقی کی ایک مضبوط بنیاد رکھ رہا ہے۔
